امریکہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کا سالانہ اجتماع: اڑھائی ہزار سے زائد خدام، اطفال اور مہمانوں کی شرکت

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

نمازِ تہجد، پنجوقتہ نمازوں کا التزام، مختلف نوعیت کے علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد، علمی و تربیتی تقاریر، مجلس سوال و جواب

مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کا نیشنل سالانہ اجتماع 26؍ تا 28؍ جولائی 2019ء (بروز جمعہ تا اتوار ) حسب معمول ‘جماعت احمدیہ کی تین سو ایکڑ پر مشتمل اپنی اراضی ‘حدیقتہ الاحمدیہ’ (بریڈ فورڈ سٹی) میں منعقد ہوا جو ٹورانٹو سٹی سے تقریباً آدھ گھنٹہ کی مسافت پر واقع ہے۔

اس تین روزہ اجتماع کا آغاز جمعۃ المبارک کے دن نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا۔ ‘‘حدیقہ احمدیہ ’’ میں صبح دس بجے حاضرین اجتماع کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔ خدام کے لیے اس اجتماع میں مختلف علمی اور رزشی مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا تھا ۔

پہلے روز خدام کے لیے نمازِ فجر کے بعد مختلف تفریحی پروگرامز مثلاً ٹیبل ٹینس، کیرم بورڈ وغیرہ جیسی کھیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بک سٹال اور مختلف قسم کی نمائشیں بھی لگائی گئی تھیںجس سے اجتماع کا ماحول خوشگوار بن گیا تھا ۔

خدام کو حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز کا تازہ خطبہ جمعہ اجتماعی طور پر ایک مرتبہ پھر سنانے کا اہتمام کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد لوائے احمدیت اور کینیڈا کے قومی پرچم فضا میں بلند کیے گئے ۔

بعد ازاں امیر جماعت احمدیہ کینیڈا محترم ملک لال خان صاحب نے نماز جمعہ و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ جس کے بعد اجتماع کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا ۔

مفتیٔ سلسلہ عالیہ احمدیہ مکرم مبشر احمد صاحب کاہلوں و امیر جماعت کینیڈا مکرم ملک لال خان صاحب نے خلافت کی اطاعت کے موضوع پر نہایت ایمان افروز تقاریر کیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد مختلف قسم کے پروگرامز منعقد ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت، اذان، نظم ، اور مقابلہ مطالعہ کتب وغیرہ شامل تھے۔

اس کے علاوہ مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ مزید براں ایک تیسرا پروگرامز منعقد ہوا، جو مختلف عناوین کے تحت ورکشاپس کے انعقاد پر مشتمل تھا۔ مثلاً ذہنی بیماریوں سے نپٹنے کے مختلف طریقے وغیرہ۔

بعد ازاں تمام حاضرین نے مل کر کھانا کھایا اور پھرمغرب و عشاء کی نمازیں ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد فی البدیہہ تقاریر کا بہت دلچسپ مقابلہ منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ خدام، سلاخوں پر بھنے ہوئے تکّوںسے لطف اندوز ہوئے جس کا انتظام مختلف مجالس کی طرف سے کیا گیا تھا۔ اس طرح اجتماع کا پہلا روز اختتام پذیر ہوا۔

اگلے دن کا آغاز بھی نماز تہجد کی اجتماعی ادائیگی کی ساتھ ہوا۔ بعد ازاں نماز فجر اور ناشتے وغیرہ سے فراغت کے بعد مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ جن میں مختلف انفرادی اور اجتماعی کھیلوں مثلا ًکشتی رانی وغیرہ کے دلچسپ مقابلہ جات شامل تھے۔

دوپہر کے کھانے کے بعد ظہرو عصر کی نمازیں جمع کرکے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم زبیر افضل صاحب نے ایک ایمان افروز تقریر سے حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔ ان کے بعد مفتی سلسلہ احمدیہ مکرم مبشر احمد کاہلوں صاحب اور مکرم امیر صاحب کینیڈا کے ساتھ ایک مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ جس میں خدام کے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ یوں اجتماع کا دوسرا روز بھی کافی مصروف رہا۔

اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کا آغاز بھی حسبِ معمول نماز تہجد کی اجتماعی ادائیگی کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں بعض خدام نے مقابلہ مشاہدہ و معائنہ کے مقابلے میں حصہ لیا ۔ اس دن درجہ حرارت 36سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کینیڈا جیسے گرمیوں میں معتدل آب و ہوا رکھنے والے ملک میں بہت زیادہ تھا۔ تاہم خدام کے اجتماع کی چھولداری میں عارضی ائرکنڈیشننگ کا انتظام تھا۔ تمام خدام نے اجتماع کے جملہ پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

آخر میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی ۔ محترم مبشر احمد کاہلوں صاحب نے اختتامی اجلاس سے خطاب کیااور خدام کو قیمتی نصائح سے نوازا۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں 2357 خدام اور 282 مہمانان گرامی نے شرکت کی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button