مصروفیات حضور انور

ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹی وی سیرالیون اورKBC کے صحافی کی ملاقات

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

مورخہ 26؍ تا 28؍ اگست 2019ء : امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ 26؍ تا 28؍ اگست 2019ء کے دوران حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی گوناگوں مصروفيات کے علاوہ ديگر امورکي ايک جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…27؍ اگست بروز منگل: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ سیرالیون کے نیشنل ٹی وی (SLBC)کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر جوزِف کاپُووا (Joseph Egbenda Simon Kapuwa) کی حضورِ انور کے ساتھ ملاقات تھی۔ موصوف نے ملاقات میں جماعت احمدیہ کے باہمی تعاون سے مزید بہتر طور پر کام کرنےکی خواہش کا اظہار کیا۔

مسٹر جوزِف کاپووا (ڈائریکٹر جنرل SLBC) حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات حاصل کر رہے ہیں

اس وقت SLBC سے ہفتے میں ایک گھنٹے کے لیے ایم ٹی اے کی طرف سے تیار کردہ اسلامی پروگرام کو نشر کیا جاتاہے۔ جبکہ جلسہ سالانہ برطانیہ اور جرمنی کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات نیز دیگر بعض پروگرامز براہِ راست نشر کیے جاتے ہیں۔ حال ہی میں ہونے والے جلسہ سالانہ برطانیہ کے دوران سترہ گھنٹے سے زائد کے پروگرامز لائیو نشر کیے گئے۔

مزید برآں سیرالیون نیشنل براڈ کاسٹنگ کارپوریشن حضورِ انور کے بارے میں ایم ٹی اے کی تیار کردہ خبروں کو نشر کرتا ہے، حضورِ انور کے لائیو خطابات کی کوریج کرتا ہے اور بعض خطابات کی ریکارڈنگ کچھ عرصے بعد نشر کی جاتی ہے۔

اسی کمپنی کے تحت چلنے والے ریڈیو پر جماعت احمدیہ سیرالیون کے جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی بھی براہِ راست نشر کی جاتی ہے۔ عموماً اس اجلاس میں سیرالیون کے صدرِ مملکت شرکت کرتے ہیں۔

سلیمان علی (صحافی KBC) حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے انٹرویو کر رہے ہیں

٭… آج کینیا کے نیشنل ٹی وی، کینیا براڈکاسٹنگ کارپوریشن (KBC)سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی سلیمان علی نے حضورِ انور کا انٹرویو ریکارڈ کرنے کی سعادت حاصل کی۔موصوف نے مختلف امور کی بابت حضورِ انور سے رہنمائی حاصل کی جن میں افریقہ کے نوجوانوں میں شدّت پسندی کی طرف جانے کے رجحان کی وجوہات اور ان کا سدِ باب نیز اسلام میں عورت کا مقام اور اس کے حقوق کا تعیّن شامل ہیں۔ موصوف نے انٹرویو کے بعد اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حضورِ انور کی شخصیت سے بہت متاثر ہیں۔

یہ دونوں احباب محترم انچارج ایم ٹی اے افریقہ کے توسّط سے تشریف لائے تھے۔

٭…28؍ اگست 2019ء بروز بدھ: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ عصر کے بعد مکرم نداء الحق صاحب کی موٹر کو متبرک فرمایا۔

اللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وَکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button