جلسہ سالانہ

نظامت طبی امداد کا تعارف

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

جلسہ سالانہ کے اہم شعبہ جات میں سے ایک طبی امداد کا شعبہ بھی ہے ۔ 40 ہزار کے اجتماع میں اس شعبہ کی ضرورت، افادیت اور کام کی نوعیت اس شعبہ کی اہمیت کو اَور بھی زیادہ نمایاں کر دیتی ہے ۔

امسال معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ کے روز یعنی گذشتہ اتوار سے اس شعبہ نے کام شروع کر دیا تھا ۔ وقارِ عمل میں حصہ لینے والوں کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روزانہ دو جونیئر ڈاکٹرز ڈیوٹی پر حاضر رہے ۔ البتہ جمعرات کی شام سے شعبہ طبی امداد پورے طور پر فعال ہو گیا تھا ا ور تین شفٹوں میں کام شروع کر دیا گیا: صبح 9 بجے سے تین بجے تک ۔ تین بجے شام سے رات دس بجے تک اور پھر دس بجے سے صبح نو بجے تک ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پر مستعد رہے۔ ان شفٹوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد دس تھی۔ دوپہر کے وقت جب مہمانوں کی بڑی تعداد اس شعبہ سے رابطہ کر تی ہے تو اس وقت ڈاکٹروں کی تعداد سولہ کر دی جاتی تھی۔ شعبہ طبی امدا د ایک بڑے خیمے میں قائم تھا جس کو دو حصوں میں تقسیم کر کے خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ سروس مہیا کی گئی۔ اس شعبے سے پہلے دو روز میں چار سو مریضوں نے استفادہ کیا ۔ ان میں زیادہ تر پیٹ کی بیماری، ایستھما (asthama)اور سردی محسوس کرنے والے مریض تھے۔ ایسے مریض جو روز کی بنیاد پر لی جانے والی ادویات گھر یا اپنے ملک بھول آتے ہیں وہ بھی رابطہ کرتے ہیں اور یہ شعبہ ان کی ضرورت بھی پوری کرتا ہے ۔ آنے والے مریضوں کو پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔

جماعت برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایسے احباب جو شعبہ طب کے طالبعلم ہیں اس شعبہ میں مدد فراہم کر رہے تھے۔ جن مریضوں کو ناسازیٔ طبع کی وجہ سے ایمبولینس پر ہسپتال بھجوایا گیا ان کی پہلے دو روز میں تعداد 6تھی۔

اس شعبہ کے ناظم ڈاکٹر سید مظفر احمد اور نائب ناظم

ڈاکٹر ہمایوں نذیر احمد تھے جبکہ شعبہ طبی امداد برائے خواتین میں ڈاکٹر رملہ شاہ اپنی ٹیم کے ساتھ خدمت پر مامور تھیں۔

طاہر ہومیوپیتھی

طاہر ہومیو پیتھی کے کلینک بیت الفتوح اور مسجد فضل لندن میں مستقل بنیادوں پر قائم ہیں ۔ البتہ جلسہ سالانہ کے ایام میں طاہر ہومیو پیتھک کلینک جلسہ گاہ منتقل ہو جاتے ہیں ۔ امسال بھی بدھ کے روز سے مریضوں کے دیکھنے کا کام جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی میں شروع کر دیا گیا۔ یہاں چار ڈسپنسریاں دو مردوں کی طرف اور دو خواتین کی طرف قائم ہیں۔ جن میں 25/25 ہومیو ڈاکٹر ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔ حضور انور کی ہدایت کے مطابق جمعہ کےروز جلسہ پر آنے والوں کو احتیاطی تدبیر کے طور پر Aconite 1000 کھلائی گئی ۔
جمعے کے روز 1250اور ہفتہ کی شام 6 بجے تک ہومیو پیتھک ادویات لینے والوں کی تعداد دو ہزار سے زائد تھی ۔ یہ سلسلہ اتوار کی شام تک جاری رہا۔ اور سوموار سے بیت الفتوح اور مسجد فضل لندن میں موجود طاہر ہومیو پیتھک خدمت کے لیے کھل گئے۔

(رپورٹ: عرفان احمد خان)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button