جلسہ سالانہ

نظامت ٹی سٹال کا تعارف

جلسہ سالانہ کے موقع پر کھانےمیں کے بعد اکثر مہمان ٹی سٹال کا رخ کرتے ہیں ۔ ٹی سٹال پر جب لوگوں کا بہت بڑا ہجوم دیکھا تو سوچا اس کے بارے میں کچھ معلومات اکٹھی کی جائیں۔ ٹی سٹال کی اس سال کی انتظامیہ سے چند ایک باتیں قارئین الفضل کی خدمت میں پیش ہیں ۔ ناظم ٹی سٹال مکرم ضیا الحق بٹ صاحب نے بتایا کہ یہ ٹی سٹال مسیح موعودؑ کے مہمانوں کے لیے جلسے کی کارروائی اور نمازوں کے اوقات کے علاوہ چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ اس سٹال پر احباب کے لیے میٹھی چائے ، پھیکی چائے ، کافی، شربت روح افزااور سکوائش کی صورت میں مشروب ہر وقت دستیاب رہتا ہے۔ نماز تہجد کے وقت چونکہ سردی کا بھی کچھ احساس ہوتا ہے اس لیے تہجد سے پہلے اورفجر کے بعد مہمانوں کی خدمت میں چائے کے ساتھ ابلے ہوئے انڈے بھی پیش کیے جا تے ہیں ۔ مہمانوں کی سہولت ،غیر ضروری بھیڑ اور لمبی قطاروں سے بچنے کے لیے الگ الگ قطاریں بنائی گئی ہیں۔ قطار کے آغاز میں ہی بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں جن پرچینی کے بغیر چائے، کافی ، چائے اور شربت وغیرہ کے الفاظ تحریر ہیں۔ اس طرح مہمان اپنی سہولت کے مطابق اپنی پسند کی ڈرنک اور چائے بہت ہی کم وقت میں لے لیتے ہیں ۔

مکرم ناظم صاحب ٹی سٹال کی ٹیم میں 20کے قریب رضا کار موجود تھے جو بڑے اخلاص اور مستعدی سے چائے تیار کرکے مہمانوں کی خدمت میں پیش کرتے رہے ۔ چائے کی تیاری کے سلسلہ میں انہوں نے بتایا کہ وہ ایندھن کے لیے ایل پی جی گیس سلنڈر اور چولہا استعمال کر رہےہیں ۔ گیس سیفٹی کا باقاعدہ چیک رکھا جاتا ہے۔ اور چولہے کو ہوا سے بچانے کے لیے دھاتی چادر لگائی گئی ہے۔ چولہے پر ایک بڑے دیگچے میں 30لیٹر پانی ڈال کر اس میں ایک خاص تناسب سے سبز الائچی اور دار چینی ڈال کر گرم کیا جاتا ہے۔ پانی گرم ہونے پر اس میں 180ٹی بیگز (پتیوں کے پیکٹ) ڈالے جاتے ہیں۔ جب پانی ابلنے کے بعد قہوہ تیار ہو جاتا ہے تو اس میں 16لیٹر دودھ ڈالا جاتا ہے ۔ کچھ ہی دیر میں برصغیر پاک و ہند کے طرز کی کڑھی ہوئی چائے تیار ہو جاتی ہے جوکولر کی مانند بنے سٹیل کے کنستروں میں بند کر کے اپنی مدد آپ کے تحت مہمانوں کی خدمت کے لیے رکھ دی جاتی ہے۔ 2پوائنٹس پر بغیر چینی کے چائے ، 8پوائنٹس پر چینی والی چائے، 2پوائنٹس پر کافی اور 2 پوائنٹس پرشربت روح افزا دستیاب ہوتا ہے ۔ دودھ کو موسم کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک بڑے سائز کے فریزر یا چِلر(chiller) کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ جلسے کے ایام میں تقریباً 40ہزار کپ چائے روزانہ استعمال ہوتی ہے ۔

ناظم ٹی سٹال کے ساتھ جو لوگ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت میں دن رات لگے ہوئے تھے ان میں مرزا مدثر صاحب، ریاض طارق صاحب، سمیع اللہ صاحب، طارق محمود صاحب ، افتخار احمد صاحب اور دیگرشامل ہیں۔

(رپورٹ: عبد اللہ روشان،عبد الرحمٰن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button