یادِ رفتگاں

محترم نواب مودود احمد خان صاحب (مرحوم) (امیر جماعت احمدیہ ضلع کراچی)

(شیخ طاہر احمد نصیر۔کراچی)

1996ء سے تا وقتِ وفات ایک لمبے عرصے تک جماعت احمدیہ کراچی کے امیر کی خدمت پر فائز رہنے والے محترم نواب مودود احمد خان صاحب14؍ اور 15؍ جولائی 2019ءکی درمیانی شب 78؍سال کی عمر میں اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔

انا للّٰہ و انا الیہ راجعون

جماعت احمدیہ کراچی کی جب تاریخ لکھی جا رہی تھی تو ذمہ دار احباب نے بڑی کوشش کی کہ اس میں محترم امیر صاحب مرحوم کا تعارف اور خدمات کا تذکرہ دیگر احباب کی طرح شامل ہو جائے لیکن انہوں نے اپنی عاجزی و انکساری اور بے لوث خدمت کے جذبے کے پیشِ نظر سختی سے منع کردیا کہ ان کے حالات زندگی کے بارے میں اُن کی زندگی میں کچھ نہیں لکھا جائے گا ۔ چنانچہ اب جبکہ وہ اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں پُر نم آنکھوں کےساتھ یہ مختصر سا مضمون پیش کیا جا رہا ہے۔

آپ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی دختر نیک اختر حضرت سیّدہ ‘‘نواب مبارکہ بیگم ’’صاحبہؓ اور حضرت نواب محمد علی خان صاحبؓ آف مالیر کوٹلہ کے پوتے اور نواب مسعود احمد خان صاحب اور محترمہ طیبہ صدیقہ صاحبہ بنت حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ کے صاحبزادے تھے۔ اسی طرح حضر ت سیدہ منصورہ بیگم صاحبہ حرم حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ آپ کی پھوپھی تھیں۔

مرحوم 12؍ اپریل 1941 ءکو قادیان میں پیدا ہوئے۔ جب آپ کی پیدائش ہونے والی تھی تو آپ کی والدہ صاحبہ کو آپ کی دادی محترمہ نے ایک دعائیہ نظم لکھ کر دی جو یہ تھی

؏

میرے مولا کٹھن ہے راستہ زندگانی کا

مرے ہر ہر قدم پر خود راہِ آسان پیدا کر

تری نصرت سے ساری مشکلیں آسان ہو جائیں

ہزاروں رحمتیں ہوں فضل کے سامان پیدا کر

جو تیرے عاشقِ صادق ہوں فخرِ آلِ احمد ہوں

الٰہی نسل سے میری تُو وہ انسان پیدا کر

مرحوم انتہائی عبادت گزار اور خداتعالیٰ پر مکمل یقین اور ایمان رکھنے والے شخص تھے۔ مکرم ومحترم انور کاہلوں صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ انگلستان تحریر فرماتے ہیں کہ مودود احمد کی عمر ابھی 30؍ سال بھی نہیں لیکن میں نے اس کو باقاعدہ تہجد گزار پایا ۔

اسی طرح آپ کی والدہ محترمہ آپ کی دادی حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ کے ایک خواب کا ذکر کرتے ہوئے فرماتی ہیں۔ اس بیٹے کی پیدائش کے دنوں میں آپؓ نے مجھے اپنا ایک خواب سنایا کہ “ان کے جسم سے ایک ہیرا پھوٹا کے جو بہت شعائیں دے رہا ہے۔ اور اس کی جڑ میں ایک چھوٹا ہیرا اَور ہے” آپ فرماتی ہیں کہ خدا کرے کہ ان کا یہ خواب میرے بیٹے اور سب بچوں کے لیے پورا ہو جائے ۔

نواب مودود احمد خان صاحب کے عقیقہ کی تقریب بھی بڑی شاندار طریق سے ہوئی جس کی دعوت کا انتظام آپ کی دادی محترمہ نے قادیان میں کیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ بچے کی پیدائش سے پہلے آپ کی والدہ محترمہ بیمار ہو گئی تھیں اور آپ کے والد محترم حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحبؓ بغرض علاج انہیں قادیان لے آئے تھے اور حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہ پوتے کی پیدائش کے بعد مالیر کوٹلہ سے قادیان آگئی تھیں۔آپ مزید تحریر فرماتی ہیں حضرت دادی صاحبہ کو ‘مودود’ کے ساتھ بہت پیار تھا ۔ ایک دفعہ اسے ایک ماہ کے لیے لاہور اپنےساتھ لے گئی تھیں ۔ مودودسوا سال کا تھا کہ ہم لوگ واپس قادیا ن آگئے۔ مودود بہت دیر کے بعدبولا۔ اشاروں سے باتیں کرتا تھا۔ وہ آپ کو دو امی کہنے لگا ۔ یعنی ایک امی میں اور دوسری وہ ۔ بہت ہی پیارا لگتا تھا دوامی کہتا ہوا۔ لیکن نوکروں نے ہر وقت اصلاح کر کے چھڑوا دیا میاں بڑی امی کہو۔
نواب مودود احمد خان صاحب کے دادا حضرت نواب محمد علی خان صاحبؓ نے 10 فروری 1945کو وفات پائی ۔ وفات سے پہلے جب آپ مرض الموت میں تھے آپ نے ایک کشف دیکھا جس کے بارے میں حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحب تحریر فرماتی ہیں۔وفات سے دو تین روز پہلے کی بات ہےکہ ہم آپ کے پاس بیٹھے تھے۔ آپؓ کی طبیعت بہت خراب تھی کہ آپؓ نے فرمایا کہ۔ مودو کو کیوں مارا ہے؟ ہم نے کہا اسے کسی نے نہیں مارا۔کہا اس کو میرے پاس لاوٴ۔آپؓ کے فرمانے پر عزیز کو بلایا گیا اب معلوم ہوا کہ واقعی اس کی والدہ نے اس کو اس وقت مارا تھا۔آپؓ نے اسے پیار کیا ۔مسعود احمد سے کہا ۔ اسے مارا نہ کرو۔

نواب مودود احمد خان صاحب کے نکاح کے حوالہ سے آپ کی والدہ محترمہ آپ کی دادی حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ کا ذکر کرتے ہوئے فرماتی ہیں۔ مودود کے نکاح پر آپؓ انفلوئنزا سے بیمار تھیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الثالث نے اپنے گھر میں ہی عشاء کے وقت نکاح پڑھایا ۔ میں آپ کو اطلاع دینے گئی اور ساتھ یہ بھی عرض کیا کہ میں نے تو انگوٹھی آپ سے لینی ہے۔ اور پہنانی بھی آپ ہی نے ہے۔پہلے تو کہنے لگیں ابھی تو وقت ہے سنار کی دکان کھلوا کر لے آوٴجب میں نے کہا کہ میں نے تو آپ کی ہی لینی ہے۔ تو اپنا بکس منگوا کر ایک انگوٹھی نکالی ۔ ہم مومن (بہو)کو آپ کے پاس لے آئے ۔ آپؓ نے تبرک کا دوپٹہ اسے اوڑھایا اور انگوٹھی پہنائی۔

مرحوم نواب مودود احمد خان صاحب نے ٹی آئی کالج ربوہ اور لاء کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی ۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے سلسلے میں آپ کا تقرر مشرقی پاکستا ن ہوا۔یہ وہ زمانہ تھا جب مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور بنگلہ دیش بنانے کی تحریک چل رہی تھی اور حالات انتہائی خراب تھے۔ان دنوں جماعت احمدیہ برطانیہ کے سابق امیر محترم انور کاہلوں صاحب وہیں مقیم تھے۔وہ تحریر فرماتے ہیں کہ ان کے ایک دوست نے انہیں فون کیا کہ آپ فوراً ائر پورٹ آئیں ایک ضروری کام ہے۔ آپ ائر پورٹ پہنچے تو اس دوست نے ایک فوکر جہاز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جہاز ایک گھنٹے میں یہاں سے روانہ ہونے والا ہےآپ فوری طور پر اس میں سوار ہو جائیں ۔ اس پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو یہاں چھوڑ کر نہیں جا سکتے۔ انہوں نے اپنے دوسرے دوست سے کہا کہ مودود احمد خان صاحب کو اگر زبردستی بھی لانا پڑے تو لے آئیں۔ جب مودود صاحب ایئر پورٹ پہنچے تو انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس پرمیں نے انہیں کہا میں آپ کے والد کے بھائی کی طرح ہوں لہٰذا میں آپ کو حکم بھی دے سکتا ہوں۔ مودود صاحب دوسرے افراد کی طرح بغیر سامان پاسپورٹ اور پیسوں کے اس جہاز پر سوار ہو گئے اور اس کے ذریعے سفر کیا۔ جب ہمارا جہاز اڑنے کا انتظار کر رہا تھا تو اس وقت انڈین ائیر فورس کے جہازوں نے پانچ مرتبہ ڈھاکہ ایئر پورٹ پر حملے کیے، ہر حملے کے بعد رن وے کا معائنہ کیا جاتا تھا ۔ جہاز کا کپتان بار بار کے معائنہ سے تنگ آگیا اور اس نے جہاز اڑا دیا۔ جونہی جہاز اڑا اس پر نیچے سے حملہ کیا گیا۔ جب جہاز چٹاگانگ کے اوپر سے گزر رہا تھا اس وقت بھی اس پر زیادہ طاقت سے حملہ کیا گیا۔ اس جہاز میں 17 مسافر سوار تھے۔تناوٴ انتہائی درجے پر تھا لیکن میں سو گیا۔ جب مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ ان حالات میں کس طرح اطمینان سے سو گئے۔ تو میں نے مودود صاحب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دادی جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیٹی ہیں ان کے حفظ و امان کے لیے دعائیں کر رہی ہیں اس لیے اس جہاز اور مسافروں کی حفاظت کے لیے میں مودود کو تعویذ سمجھتا ہوں۔جب جہاز چین کے شہر Kunning کے ائیر پورٹ کے نزدیک تھا تو کپتان نے اعلان کیا کہ جہاز میں صرف 15 منٹ کا ایندھن ہے اور وہ پہلی کوشش میں ہی جہاز کو رن وے پر اتارنا چاہتا ہے۔ الحمد للہ وہ اس کوشش میں کامیاب ہو گیا۔بعد ازاں مرحوم کراچی آگئے ۔اور ایک مشہور فرم ORR. DIGNAM اینڈ کمپنی میں ملازمت اختیار کر لی۔اور اپنی محنت اور لیاقت کی وجہ سےبہت جلد ترقی کرتے ہوئے اعلیٰ عہدے پر پہنچ گئے لیکن انکساری وضع داری اور اللہ تعالیٰ سے محبت میں کوئی فرق نہ آیا۔

جماعت احمدیہ کے صد سالہ جشن تشکر کے موقع پر جماعت نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒکو جو تحائف پیش کیے ان میں سے ایک لائبریری بھی تھی جس کا نام حضور نے “سلطان القلم لائبریری ’’تجویز فرمایا۔ یہ لائبریری آج بھی موجود ہے اور غالباً خلافت لائبریری کے بعد سب سے بڑی لائبریری ہے۔ اس لائبریر ی کو قائم کرنے میں مرحوم امیر صاحب کا بڑا عمل دخل ہے۔ وہ سید محمد رضا بسمل صاحب کو جنہیں لائبریری کا انچارج بنایا گیا گھر سے لیتے اور لائبریری پہنچ کر اپنی نگرانی میں شیلف بنواتے اور بعد میں کتابوں کو ترتیب سے رکھایا۔

مرحوم کو کتابوں سے بے حد محبت تھی۔ خاکسار اس کا ذاتی طور پر گواہ ہے کہ مرحوم کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی کہ یہ لائبریری پھلتی پھولتی رہے۔ کتابوں کی خریداری کے لیے فنڈز کی فراہمی سے کبھی بخل سے کام نہ لیا اور جب کبھی خاکسار یہ عرض کرتا کہ لائبریری آنے والوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے تو آپ فرماتے کہ اس کی فکر نہ کریں یہ ریفرنس لائبریری ہے ۔ دس سال بعد اگر کوئی شخص آپ کے پا س آتا ہے اور آپ سے کتاب مانگتا ہے تو آپ یہ نہ کہیں کہ لائبریری میں کتاب نہیں۔ سلسلے کی کتب کے علاوہ ادبی کتابیں بھی لائبریری میں رکھواتے۔ شعبہ تصنیف و اشاعت کے حوالے سے خاکسار یہ عرض کرےگا کہ آ پ کی سرپرستی اور نگرانی میں 2008ء میں کراچی کے رسالے ‘المصلح’ نے خلافت نمبر شائع کیا جو حضور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس کی خدمت میں پیش کیا گیا اور حضور نے اسے پسند فرمایا ۔ اسی طرح خلافت جوبلی کے موقع پر جماعت احمدیہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا مشاعرہ ہوا جس کی صدارت چودھری محمد علی صاحب نے فرمائی جو اس مقصد کے لیے بطور خاص ربوہ سے تشریف لائے ۔یہ امیر صاحب کی ہی سرپرستی کا نتیجہ ہے کہ 2010ء میں جماعت احمدیہ کراچی نے اپنی تاریخ دو جلدوں میں شائع کی ۔
امیر صاحب مرحوم کے بچپن کے دوست اور کلاس فیلو ڈاکٹر مشتاق اے شیخ صاحب آف اسلام آباد تحریر فرماتے ہیں کہ یہ پچاس کی دھائی کا آخر اور ساٹھ کی دھائی کاشروع تھا جب مجھے جناب مودود احمد خان صاحب سے متعارف ہونے کا شرف حاصل ہوا جب ہم دونوں نے ٹی آئی کالج ربوہ میں داخلہ لیا اور اس طرح رفتہ رفتہ ہماری دوستی کی بنیاد پڑ گئی ۔ اس زمانہ میں کالج میں سائنس اور آرٹس کی کچھ کلاسز اکٹھی ہوا کرتی تھیں۔ مثلاً انگریزی، دینیات وغیرہ ۔ اس طرح روزانہ کا رابطہ رہنے لگا۔ شام کو یہی گروپ جس میں کہ مودود احمد خان صاحب ۔ سید امین احمد صاحب مرحوم ۔ مرزا ادریس احمد صاحب مرحوم(حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کے برادرِ اکبر)مرزا حنیف احمد صاحب۔ غلام محمد صاحب مرحوم۔ شیخ مبشر احمد صاحب مرحوم اور دو تین دوسرے دوست گول بازار میں نماز مغرب سے پہلے چائے پینے کے لیے اکٹھے ہوا کرتے تھے۔اس مجلس میں ہر موضوع زیر بحث آتا۔ سیاست۔ مذہب۔ شاعری۔ دنیاوی مسائل غرض کہ نہایت دلچسپ شام ہوا کرتی تھی ۔ میں نے ہمیشہ دیکھا کہ جناب مودود خان صاحب اپنی بات دلیل سے کرتے اور بڑا مدبرانہ انداز ہوتا ۔ اس تعلق کو نصف صدی سے زیادہ کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن میں نے کبھی مودود احمد خان صاحب کو غصہ میں نہیں دیکھانہ ہی کسی کے ساتھ تلخ کلامی کرتے ہوئے۔ عجب قسم کا انسان تھا۔کم از کم بے تکلف دوستوں کی محفلوں میں اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں، دلائل کا زور کبھی کبھار تلخ کلامی کی حدوں کو چھونے لگتا ہے۔لیکن اس شخص کو کبھی میں نے ایسا کرتے دیکھا نہ سنا ۔

کالج ہی کے زمانے میں ایک ڈرامٹک کلب بھی اس کی سرگرمیوں کی فہرست میں ہوتا تھا۔ ٹی آئی کالج کے ہوسٹل کی سالانہ تقریب بہت جوش و خروش سے منائی جاتی تھی ۔باہر کے کالجوں کے طلباء اور اساتذہ کو بھی شرکت کی دعوت دی جاتی تھی۔1960ءکی تقریب میں ہم نے فیصلہ کیا کہ ایک ڈرامہ مشاعرہ کے رنگ میں پیش کیا جائے ۔سید امین احمد صاحب مرحوم اور شیخ مبشر احمد صاحب مرحوم کو ذمہ داری سونپی گئی کہ مزاحیہ غزلیں تیار کریں۔ اس طرح کے مواقع پر اساتذہ کو بھی طنز و مزاح کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ا س ڈرامے میں مودود احمد خان صاحب نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ اس زمانے میں جناب پرنسپل صاحب یعنی حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کے پاس ایک کالے رنگ کی مورس کار ہوتی تھی۔ چنانچہ قوالی کا آئٹم اس طرح بنایا گیا جو بے حد پسند کیا گیا

“ساڈے سجنا دی ڈاچی اے کالے رنگ دی”

مجھے مودود احمد خان صاحب سے زیادہ قریب ہونے کا موقع اس وقت ملا جب 1959ءمیں F.Scکے بعد B.Scتھرڈ ائیر میں ٹی آئی کالج میں ہم دونوں اکٹھے ایک ہی کلاس میں ہو گئے۔اس زمانے میں آپ قصر خلافت کے علاقہ میں ایک کشادہ کوٹھی میں رہتے تھے۔ تھرڈ ائیر کے امتحانات سر پر تھے اور پڑھائی سخت۔ اس لیے کئی بار ایسا کرنا پڑتا کہ رات کا کھانا کھا کر ہم اکٹھے پڑھتے۔اس طرح رات کے دو تین بج جایا کرتے ۔ لیکن اس دوران خان صاحب ہماری تواضع کا بھی خاص خیال رکھتے ۔ کبھی چائے آرہی ہے۔ کبھی حلوہ اور کبھی فروٹ۔ لیکن اتفاق ایسا ہوا کہ امتحا ن سے پہلے ہی کنگ ایڈورڈ میڈکل کالج سے مجھے داخلے کی کال آگئی چنانچہ میں سید امین احمد صاحب مرحوم۔ ڈاکٹر حمید احمد خان صاحب مرحوم اور دیگر تین دوست لاہور چلے گئے۔ جبکہ مودود خان صاحب کو قانون دانی کا شوق ہوا اور انہوں نے لاء کالج لاہور میں داخلہ لے لیا۔یہاں سے گریجویشن کرنے کے بعد وہ کراچی چلےگئے۔اور وہاں ملازمت کر لی۔

جب بھی ان سے ملاقات ہوئی ،وہی مسکراہٹ ،وہی محبت بھرا انداز پایا۔وہ بلاشبہ جماعت کے ایک سرگرم رکن اور بے لوث خدمت گذار تھے اللہ تعالیٰ ان کی جماعتی خدمات اور اللہ تعالیٰ سے لگاؤ اور محبت کو قبول کرے ۔ آمین

محترم نواب صاحب مرحوم اس لحاظ سے بھی انتہائی خوش نصیب ہیں کہ حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 19؍ جولائی 2019ء میں آپ کا ذکرِخیر فرمایا۔ حضورانور نے جہاں مرحوم کی کئی خوبیوں کا ذکر فرمایا وہاں ان کی ایک بے مثال خوبی کے بارے میں فرمایا کہ حضور خود بھی اس کے گواہ ہیں۔

محترم نواب صاحب کا جنازہ مورخہ 17؍ جولائی کو بعد نمازِ عصر ہوا اور تدفین بہشتی مقبرہ میں ہوئی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرماتا چلا جائے اور ان کی نیکیاں اور فیض ان کی اولاد اور جماعتِ احمدیہ کراچی میں اس طرح جاری رکھے کہ ان کے درجات کی بلندی کا موجب بنیں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

تبصرے 3

  1. ماشاءاللہ الحمد للہ
    اللہ تعالی بہت جزاء دے مضمون نگار صاحب کو.
    اب اللہ کے فضل سے محسوس ہو رہا ہے کہ روزنامہ الفضل کی کمی پوری ہو رہی ہے اس سہ روزہ الفضل انٹرنیشنل سے.
    ایک تشنگی رہ گئی آخر میں اس خوبی کا زکر ہونا چاہیے تھا جس کا حوالہ دیا گیا ہے کہ پیارے آقا ایدہ اللہ اس خوبی کے گواہ تھے…

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button