متفرق مضامین

بائیبل میں تحریف کی دو مثالیں

چرچ کے مناد نئے عہد نامےکو ’’خدا کا کلام‘‘ کہتے نہیں تھکتے اور بعض تو بائبل کی محبت میں قرآن مجید کو آگ میں جلانے کی دھمکی بھی دیتے ہیں۔ آئیے آپ کو اس نام نہاد کلامِ خداوندی میں تحریف کے دو نمونے دکھاتے ہیں ۔

آج کل تو نیا عہد نامہ پریس میں چھپتا ہےمگر گزشتہ ڈیڑھ دو ہزار سال قلمی لکھا جاتا رہا۔

وہ قلمی نسخے جن سے اب نیا عہد نامہ مر تب کیا جاتا ہےان میں سے دو نسخے علمائےبائبل کے نزدیک بہت بلند مقام رکھتے ہیں ایک تو Codex Sinaiticusکے نام سے معروف ہے اور دوسرا Codex Vaticanusکے نام سے معروف ہے۔

پہلے Codex Sinaiticus (کوڈیکس سینائی)کو لیجیے۔ اس کوڈیکس میں لوقا کی انجیل کے آخر میں لکھاہے:

’’پھر وہ (یسوع ناصری)انہیں (حواری )بیت عنیا ہ کے سامنے تک باہرلے گیا اور اپنے ہاتھ اٹھا کر انہیں برکت دی اور جب وہ انہیں برکت دے رہا تھا تو ایسا ہوا کہ ان سے جدا ہوگیا اور آسمان پر اٹھایا گیا‘‘

(لوقا باب 24آیت 51-50)

اب ذرا ہاتھ کی صفائی دیکھئے کہ یہ فقرہ ’’اور آسمان پر اٹھایا گیا‘‘ اصل کوڈیکس سینائی میں نہیں ہے بلکہ بعدمیں کسی اور ہاتھ نے اس میں اضافہ کیا ہے۔آپ یہ جانتے ہیں کہ ’’آسمان پر اٹھایا جانا‘‘ چرچ کے اہم ترین بنیادی عقائد میں سے ہے۔گویا اپنے عقیدہ کی خاطر نئےعہد نامہ میں اضافہ کیا گیا۔

دوسری مثالCodex Vaticanus (کوڈیکس واٹیکینس) کی ہے جو کوڈیکس سینائی کے بعد سب سے اہم مخطوطہ سمجھا جاتا ہے۔اس کوڈیکس میں عبرانیوں کے نام خط کے پہلے باب کی تیسری آیت میں ایک لفظ تھا یونانی زبان میں PHERONکو ایک لکھنے والے نےPHANERONبنا دیاPHERONکے معنے انگریزی میں bearکے ہیں اور PHANERONکے معنے manifestکے ہیں۔صدیوں کے بعد ایک عیسائی کاتب نے یہ تبدیلی کی۔ اس کے صدیوں کے بعدایک اَور عیسائی کاتب نے اپنے سے پہلے کاتب کی تبدیلی کو غلط قرار دیتے ہوئے واپس PHERONمیں تبدیل کردیا اور ساتھ ہی حاشیہ میں لکھ دیا ’’بے وقوف پرانی قراءت رہنے دو تبدیل نہ کرو‘‘

یہ دو مثالیں طلبہ کو اس مضمون کی طرف توجہ دلانے کے لیےلکھی گئی ہیں ورنہ بائبل کے مخطوطات میں ہزاروں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button