افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نائیجیریا کے زیر اہتمام چوتھے احمدیہ پِیس سمپوزیم کا کامیاب انعقاد

محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو اپنا چوتھا پیس سمپوزیم مورخہ 15جون 2019ءکو نائیجیریا کے دارالحکومت Abujaمیں منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

پیس سمپوزیم ابوجاشہر کے انٹر نیشنل کنوینشن سنٹر میں منعقد ہوا اور اس کا مرکزی عنوان تمام مذاہب کے مابین مذہبی ہم آہنگی اور امن و آشتی کو فروغ دینا تھا ۔

اس پروگرام میں مختلف مذاہب کے پیش رؤںنے شرکت کی جن میں مسلمان ، ہندو، یہودی اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنےوالے علماء شامل ہوئے جنہوں نے اس سمپوزیم میں تقریر بھی کی۔ اسی طرح حاضرین میں بھی مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے ۔

ہر ایک مذہب سے تعلق رکھنے والے عالم نے اپنے اپنے مذہب کے عقائد بیان کیے اور اس بات کا اظہار کیا کہ تمام مذاہب امن اور آشتی کا درس دیتے ہیں ۔ مکرم امیر صاحب نائیجیریا اور مکرم مشنری انچارج صاحب نے مہمانان کو جماعت ِاحمدیہ کے عقائد اور امن کے سلسلے میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔

دوران ِتقریب خواجہ عبدالعظیم صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نائیجیریا نے جماعت احمدیہ اور امن عالم کی کوششوں سے متعلق ایک تفصیلی لیکچر دیا جس میں جماعت احمدیہ کی ساری دنیا میں امن سے متعلق کاوشوں کو اجاگر کیا۔

اس تقریب میں سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں حاضرین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں جن میں ممبر آف پارلیمنٹ، پولیس افسران ، پروفیسرز اور ڈاکٹرز نے بھی سوالات کیے۔

تقریب کے آخر میں اس سال امن کی کوششوں کے لیے دو معزز مہمانوں کو احمدیہ پیس پرائز سے نوازا گیا ۔ Pastor James Movel Wuyeصاحب جو عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں کو امن کی بحالی کے لیے کوشش کرنے کی وجہ سے یہ پرائز دیا گیا ۔دوسرے مہمان مسلمان Imam Muhammad Nurayn Ashafaصاحب کوبین المذاہب ہم آہنگی قائم کرنے کی کوششوں کی وجہ سے اس انعام کا حقدار ٹھہرایا گیا ۔
آخر پر مبلغ انچارج محترم افضال احمد رؤوف صاحب نے اختتامی دعا کروائی ۔ اس کے بعد تمام شاملین کو کھانا پیش کیا گیا ۔ اس تقریب میں 500مرد وخواتین نے حصہ لیا ۔ خدا تعالیٰ اس تقریب کے جماعت کے حق میں بہترین ثمرات پیدا فرمائے ۔ آمین

(رپورٹ : راجہ اطہر قدوس ۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل نائیجیریا )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button