ایشیا (رپورٹس)

سیدنا مسرور علمی و ورزشی مقابلہ جات مجلس اطفال الاحمدیہ پاکستان

الحمدللہ ثم الحمد للہ کہ امسال مجلس اطفال الاحمدیہ پاکستان کو سیدنامسرورآل پاکستان علمی وورزشی مقابلہ جات 21 تا23 جون 2019ء منعقد کروانے کی توفیق ملی۔

ان مقابلہ جات کی تیاری سال کے آغازہی سے شروع کردی گئی تھی ۔مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان سے انتظامیہ کی منظور ی حاصل کی گئی ۔مقابلہ جات کی تفصیل اور نصاب تمام اضلاع اور علاقہ جات کو تنظیمی سال کے آغاز میں ہی بھجوادیا گیا تھا۔بعدازاں مجلس، ضلع اور علاقہ کی سطح پر مقابلہ جات کے بعد منتخب ہونے والے اطفال نے اس ریلی میں شمولیت اختیار کی ۔

ا ن مقابلہ جات کی اجازت کے لیے سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں درخواست کی گئی جس پر حضور انور نے ازراہ شفقت اجازت مرحمت فرمائی ۔

علمی مقابلہ جات کو تجنید کے اعتبار سے تین حصوں میں تقسیم کیاگیاتھا۔ اور 200سے کم تجنید والے اضلاع کی طرف سے 4اطفال ،200سے 500کے درمیان والے اضلاع سے 8اطفال ، 500 سے زائد تجنید والے اضلاع کی طرف سے 18 اطفا ل شرکت کروانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔جبکہ تمام ورزشی مقابلہ جات کی علاقہ کی سطح پر کروائے گئے ۔ ان مقابلوں کے لیے علاقہ جات کو کل 9علاقہ جات میں تقسیم کیاگیا اور ہر علاقہ کو 22اطفا ل کی نمائندگی دی گئی ۔

ان مقابلہ جات کا باقاعدہ افتتاح 21 جون 2019ءکو مکرم اسفندیارمنیب صاحب انچارج شعبہ تاریخ نے فرمایا اوراس کے ساتھ ہی مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ۔دوران پروگرام علمی مقابلہ جات میں تلاوت ،نظم ،اذان ،تقریر اردو ،فی البدیہہ، تقریر انگریزی ،مضمون نویسی ، حفظ قصیدہ ، پرچہ وقف نو کے مقابلے معیار ِکبیر اور صغیرکے الگ الگ کروائے گئے ۔جبکہ مشاہدہ معائنہ ،پرچہ مطالعہ کتب ،پرچہ کوئز خطبات امام ، پرچہ مطالعہ تشحیذ الاذہان (سیدنا مسرور نمبر)، تحریری پرچہ، کوئز انعامی وظیفہ اطفال ، حفظ قرآن ، حفظ ادعیہ ،پیغام رسانی اور بیت بازی کے مقابلہ جات کا ایک ہی معیار رکھاگیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 19علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔

افتتاحی پروگرام


امسال 14ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں باڑی،رسہ کشی ،تین ٹانگ دوڑ ،ریلے ریس ، بیڈمنٹن اورٹیبل ٹینس کے ٹیم ایونٹس ،جبکہ دوڑ 100میٹر ،دوڑ 400میٹر ، بوری ریس ،لمبی چھلانگ ، اونچی چھلانگ ،نشانہ غلیل اور ثابت قدمی کے انفرادی مقابلہ جات شامل ہیں۔(انفرادی ورزشی مقابلہ جات معیار صغیر و کبیر علیحدہ علیحدہ کروائے گئے)جبکہ میوزیکل چیئر کا ایک نمائشی مقابلہ بھی اطفال کے ہمراہ آئے ہوئے نگران صاحبان کے درمیان کروایا گیا۔

اسی طرح مجلس اطفال الاحمدیہ پاکستان کے زیر اہتمام مجلس اطفال الاحمدیہ مقامی کے تعاون سے صنعتی نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا تھا۔جس میں متعدد اضلاع سے اطفال مختلف ماڈلز الیکٹرونکس اشیاءاور پینٹنگز لے کر آئے ہوئے تھے۔حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے نمائش کا معائنہ کیا اور بھرپوررنگ میں لطف اندوزہوئے ۔اس صنعتی نمائش کو چار کیٹیگریز (پینٹنگز، الیکٹرونکس ،ماڈلز ،متفرق ) میں تقسیم کیاگیا تھا ۔ہر کیٹیگر ی میں اول ،دوم ،سوم آنے والے اطفال کو انعامات دئیےجائیں گے ۔

اختتامی تقریب

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام مقابلہ جات پورے نظم و ضبط اور پرسکون ماحول میں انجام پذیر ہوئے ۔اللہ تعالیٰ تمام اطفال کے لیے ان مقابلہ جات میں شمولیت کرنا بابرکت فرمائے اور ان کی ذہنی ،جسمانی ،علمی اور روحانی ترقی کا موجب بنائے۔آمین۔

امسا ل مجموعی طور پر 49 اضلاع سے 432 اطفال اور 37 نگران صاحبان کی 469تعداد نے شرکت کی ۔

امسال خاکسار مجلس اطفال الاحمدیہ پاکستان کی طرف سےتمام اطفال ،ناظمین مجالس و اضلاع و علاقہ جات ،منصفین کرام ،صنعتی نمائش کے انعقاد میں مجلس اطفال الاحمدیہ مقامی،مہمانوں اور جملہ انتظامیہ جامعہ احمدیہ جونئیر سیکشن ربوہ کے پر خلوص تعاون پر ان کاتہہ دل سےشکر گزار ہے اور دعاکرتاہے کہ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطافرمائے ۔آمین

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم و محترم سید خالد احمد شاہ صاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی تھے۔آپ نے اعزاز پانے والے اطفا ل میں انعامات تقسیم فرمائے اور اپنی قیمتی نصائح سے نوازہ۔ خدا تعالیٰ کے خاص فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خاص دعاؤں سے یہ مقابلہ بخیریت انجام پذیر ہوئے۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔

(رپورٹ:نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button