متفرق مضامین

یہ پانچوں جو کہ نسلِ سیّدہ ہیں یہی ہیں پنجتن جن پر بنا ہے

(مبارکہ شاہین۔ جرمنی)

یہ 1981ء کی بات ہے ،ہماری بہن مریم کنیز صاحبہ شادی کے بعد اپنے صاحب جی کے ساتھ ہنی مون پر ‘‘مری’’ گئیں۔کچھ دنوں کے جب وہ واپس آئیں تو فرطِ شوق میں ہم بہن بھائی جن پر ان کی جدائی بہت شاق گذر رہی تھی ،فوراً ہی اُن سے ملنے ان کے گھر یعنی ان کے سسرال جا پہنچے ۔ان کا سسرال ہماری پیاری پھپھو جی کا گھر تھا ،لہٰذا آنے جانے پر کوئی قید نہیں تھی ۔ پھپھو جی کے بچے ہمارے گھر اور ہم ان کے گھر خوش رہتے ۔

مریم کا کمرہ خوب سجا ہوا تھا ۔سب بچے وہاں جمع تھے ،کسی کا بھی اٹھنے کو دل نہیں چاہ رہا تھا ۔کچھ دیر کے بعد ہمارے پاپا جی بھی بیٹی کو ملنے آ پہنچے ۔ سب اکٹھے تھے سوچا کہ کوئی کھیل کھیلتے ہیں ۔طے یہ پایا کہ‘‘شخصیت ’’بوجھنا کھیلتے ہیں ۔ غالباً سب سے پہلے پاپا جی نے ہی ‘‘شخصیت ’’سوچی ۔اب ہم سوالوں پر سوال کر کے ‘‘شخصیت’’بوجھ رہے تھے ۔‘‘شخصیت’’ کوئی بڑے مرتبہ کی خاتون تھیں ۔سب متفق ہو کر ملکہ الزبیتھ تک پہنچ گئے کہ اس زمانہ میں ان سے اونچے مرتبہ کی تو کوئی اور خاتون نہیں ۔ اللہ تعالیٰ پیارے پاپا جی کے درجات اپنے پیارے قدموں میں بہت بہت بلند فرمائے ،کہنے لگے کہ ‘‘شخصیت ’’کی رہائش اس گھر کے قریب ہی ہے۔ اب تو ہم ربوہ کے ‘بدو’ انگشت بدنداں کہ یہاں گھر کے قریب کون اتنی بڑی ہستی ہے کہ جس کا مرتبہ و مقام ملکہ برطانیہ سے بھی اوپر ہے ۔سب ورطہ حیرت میں گم ہیں ۔پاپا جی فرمانے لگے کہ تمہارے ہمسائے میں رہتی ہیں وہ شخصیت ۔ہماری پھپھو جی حضرت سیّدہ نواب امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ ؓ کے بالکل ہمسائے میں رہتی تھیں ۔ پھر خود ہی آپ کہنے لگے کہ اس زمانے کی زندہ ہستیوں میں سب سے بڑا مقام اور مرتبہ حضرت سیّدہ نواب امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ ؓ کا ہے ۔ آپ رضی اللہ عنہما اس زمانے کے نبی ،امام ،مسیح آخر الزماں علیہ السلام کی اولاد مبارکہ کی آخری زندہ نشانی ہیں ۔ آپ رضی اللہ عنہما کی شان اور مرتبہ میں آپ نے اور بھی بہت توصیفی کلمات کہے اور آپ کی علّو ِ شان اور مرتبہ ہمارے دلوں میں اجاگر کیا ۔

اللہ تعالیٰ پیاری حضرت سیّدہ نواب امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ نور اللہ اور ان کے خادم پیارے پاپا جی مکرم شیخ ممتاز رسول صاحب مرحوم کے درجات اپنے حضور اپنے اعلیٰ علیّین میں بہت بہت بلند فرمائے اور ہمیں اپنے پیارے وجودوں کے نقشِ قدم پر چلنے والا بنائے آمین ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button