افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کے ساتویں سالانہ مقابلہ تلاوت کا بابرکت انعقاد

محض اللہ تعالی کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی کی سربراہی میں، آنحضور ﷺ کے عاشق صادق حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام کے تعلیم و تدریس قرآن اور اعلائے کلمہ حق کے مشن میں کوشاں ہے۔ و ما توفیقنا الا باللّٰہ العلی العظیم

مقابلے کے شرکاء فائنل راؤنڈ کے مہمانِ خصوصی محترم امیر صاحب سیرالیون کے ہمراہ

رمضان کریم اور قرآن کریم کے گہرے تعلق کو مد نظر رکھتے ہوئے احمدیہ مسلم ریڈیو ہر سال ملکی سطح پر مقابلہ تلاوت کا انعقاد کرتا ہے۔پہلے سالوں میں یہ مقابلہ صرف خدام الاحمدیہ کی سطح تک محدود تھا، مگر اس سال پہلی بار اطفال الاحمدیہ کی سطح پر بھی اس مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع میں مقابلہ کی اطلاع اور نصاب بھجوا دیا گیا تا وہ ضلعی سطح پر مقابلہ جات کروا کر اول اور دوم آنے والے اطفال اور خدام کی آڈیوز احمدیہ ریڈیو کو بھجوا دیں، جن میں سے پانچ اطفال اور دس خدام کو فائنل راونڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

26؍مئی 2019ءکو فائنل راؤنڈ کا انعقاد احمدیہ مسلم جماعت کے ہیڈ کوارٹر فری ٹاون میں کیا گیا۔ یہ مقابلہ لائیو تھا ور احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاون اور بو ٹاون نے اسے براہ راست نشر کیا۔خدام کے نصاب میں سورۂ اعراف آیات 202 تا 207، سورۂ یوسف آیات 1 تا 7 اور سورۂ زمر کی آیات 24 تا 30 جبکہ اطفال کے نصاب میں سورۂ بقرہ کی ابتدائی آٹھ آیات، سورۂ قدر اور سورۂ ضحیٰ شامل تھیں۔

اطفا ل الاحمدیہ میں عزیزم میر ہشام احمد، لنگے ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور خدام الاحمدیہ میں عزیزم مینکائلو ایس طولی (Minkilu S Tholly)، مکینی ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ عزیزم مینکائلو ایس طولی کے بارے میں مبلغ مکینی ریجن بیان کرتے ہیں کہ وہ اپنے خاندان میں اکیلے احمدی اور بہت فعال خادم ہیں۔ احمدیت قبول کرنے سے پہلے انہیں ناظرہ قرآنِ کریم بھی نہ آتا تھا لیکن اللہ کے فضل سے اب نہایت خوش الحانی سے تلاوتِ قرآنِ کریم کرتے ہیں۔

فائنل راونڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء میں پروگرام کے مہمان خصوصی محترم امیر صاحب سیرالیون مکرم سعید الرحمٰن صاحب نے انعامات تقسیم فرمائے اور خطاب فرمایا۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

یہ بات اہم ہے کہ مکرم عبدالحئی ناصر صاحب مربی سلسلہ احمدیہ انچارج احمدیہ ریڈیو سیرالیون نے یہ مقابلہ آج سے سات سال پہلے شروع کروایا تھا۔ مکرم محمد مورث کمارامربی سلسلہ نے بھی پروگرام کے انعقاد میں خصوصی تعاون فرمایا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

یہ مقابلہ ملک بھر میں مقبول ہے اور اس سال بھی مقابلہ کے بعد احمدی و غیر احمدی احباب فون اور SMS کر کے اس مقابلے کے انعقاد پر مبارکباد دیتے اور اسے سراہتے رہے۔ ایک غیر احمدی دوست مکرم اسماعیل ایم سانکو (Mr. Ismael M Sankoh) نے پیغام دیا کہ ہمیں یہ جھوٹ بتایا جاتا تھا کہ احمدیہ جماعت کا قرآن اور ہے اور وہ مختلف طریقے سے تلاوت کرتے ہیں مگر آج کے مقابلہ کو سن کر مجھ پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ باتیں جھوٹ اور پراپگینڈا ہیں۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں قرآن کو پڑھنے، سمجھنے اور اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔مربی سلسلہ، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button