افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ تنزانیہ کے نیشنل وقفِ نَو اجتماع کابابرکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ تنزانیہ کو مورخہ 19تا 21؍اپریل 2019ء اپنا دوسرا سالانہ اجتماع برائے واقفین نو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

تین دن کا یہ پروگرام Kitonga میں قائم جلسہ گاہ میں منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر 35واقفین نَو اور 20واقفات نَو نے شرکت کی۔ تینوں دن شاملین کی رہائش اور خوراک کا انتظام جلسہ گاہ میں ہی تھا۔ انتظامات میں مجلس خدام الاحمدیہ کا خصوصی طور پر تعاون حاصل رہا۔ اجتماع کا آغاز بروز جمعۃ المبارک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ کے خطبہ جمعہ کو اجتماعی طور پر سننے سے ہوا۔ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ تنزانیہ نے تمام شاملین کا استقبال کیا اور اجتماع کے مقاصد کی طر ف توجہ دلائی۔مسابقت فی الخیرات کی روح قائم رکھنے کی خاطر واقفین اور واقفات کے مابین عمر کے مطابق مختلف علمی مقابلہ جات کروائے گئے جن میں تلاوت ، حفظ ِقرآن، مطالعہ حدیث، ادعیۃ الرسول ؐ اورطریق نماز کے مقابلہ جات شامل تھے۔ اسی طرح بڑی عمر کے واقفین سے قرآن کریم اور دینی معلومات کا امتحان بھی لیا گیا۔ ایک مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد ہوا جس کے آخر میں واقفین نو کو بھی سٹیج پر آکر اپنے تأثرات کے اظہار کا موقع دیا گیا۔ اجتماع میں شمولیت اختیار کرنے والوں کی دلچسپی کے لیے دارِسلام چڑیا گھر کی سیر کا پروگرام بھی رکھا گیا۔ یہ چڑیا گھر Kigamboni کے پُرفضا مقام میں واقع ہے۔ واقفین نو اس سیر سے بہت محظوظ ہوئے۔

آخری روز خصوصی طور پرواقفین نو کے والدین کے ساتھ میٹنگ رکھی گئی جس میں مکرم شیخ عبد الرحمٰن عامے صاحب نے تفصیل کے ساتھ واقفین نو کی تربیت کے طریق اور ان کو مؤثر رنگ میں جماعتی نظام کے ساتھ منسلک کرنے کے بارہ میں ہدایات دیں۔اس میٹنگ کی صدارت مکرم و محترم طاہر محمود چوہدری صاحب (امیر و مشنری انچارج تنزانیہ )نے کی۔ا ٓخر میں والدین نے واقفین نو کی کونسلنگ اور مختلف فیلڈ زمیں پڑھائی کے حوالہ سے سوالات پوچھے جن کے تفصیلی جوابات مکرم امیر صاحب نے دیے اور جماعت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق واقفین کی دینی رنگ میں تربیت پر زور دیا۔ اس میٹنگ میں تقریباً 40والدین شامل ہوئے۔

اختتامی تقریب میں تلاوت اور نظم کے بعد مکرم فضیلی علی صاحب سیکرٹری وقفِ نو نے اجتماع کی رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ مہمان خصوصی مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں واقفین نو اور والدین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ جو واقفین نظام سے جڑے ہوئے ہیں اور باقاعدہ طور پر کلاسز میں شامل ہوتے ہیں ان کی مقابلہ جات اور دیگر جماعتی پروگراموں میں کارکردگی بھی بہتر نظر آتی ہے۔ انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے آپ نے یہ بھی بتایا کہ اس طرح کے پروگرامز سال میں ایک سے زائد مرتبہ بھی کروائے جانے چاہئیں تاکہ واقفین نَو کو اس مبارک تحریک کا ادراک ہوسکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کے بابرکت ثمرات سے نوازے۔ آمین۔

(رپورٹ: شہاب احمد، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button