مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کی مصروفیات مورخہ 05؍تا 11؍اپریل 2019ء

مورخہ05؍تا 11 ؍ اپریل 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے:

٭… 05؍ اپریل بروزجمعۃ المبارک : حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح مورڈن میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یو ٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص و وفا کے پيکر چند بدري اصحابِ رسولﷺ کي سيرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا اور ‘احمديت کےجرنيل’ اور ‘احمديت کے ليے عشق اور غيرت کي ننگي تلوار ’ ‘خلافت کے عاشق اور وفادار’مکرم ملک سلطان ہارون خان صاحب آف کوٹ سلطان، اٹک پاکستان کي وفات پر ان کا ذکرِ خيرفرمایا اور نماز ِجمعہ کے بعد ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لیے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔

٭…نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد حضورِ انور نے ایک نکاح کی تقریب کو برکت بخشی۔ مکرم عطاء المجیب راشد صاحب (امام مسجد فضل لندن) نے نکاح پڑھایا جبکہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس نکاح کے بابرکت ہونے کے لیے دعا کروائی اور فریقین کو مبارکباد دی۔

٭…آج نمازِ عصر کے بعد کارکنان ٹیلی فون ایکسچینج مسجد فضل لندن نے حضور انور کے ساتھ گروپ فوٹو اتروانے کی سعادت حاصل کی۔

٭…06؍ اپریل بروز ہفتہ: آج حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شام تقریباً4بجےنیشنل اجتماع واقفاتِ نو (لجنہ و ناصرات) یوکے کی اختتامی تقریب میں شمولیت کی غرض سے مسجد ‘بیت الفتوح’ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے شاملینِ اجتماع سے خطاب فرمایا اور دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام فرمایا۔ اس اجتماع کے اختتامی اجلاس کی تمام تر کارروائی ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ پوری دنیا میں براہِ راست دیکھی اور سنی گئی۔

٭…07؍ اپریل بروز اتوار: آج حضور انور شام تقریباً 4بجےاجتماع واقفینِ نَو (خدام و اطفال)یو کے کی اختتامی تقریب میں شمولیت کی غرض سے مسجد ‘بیت الفتوح’ تشریف لے گئے۔ حضور انور نے شاملینِ اجتماع سےخطاب فرمایا اور دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام فرمایا۔ اس اجتماع کے اختتامی اجلاس کی تمام تر کارروائی ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ پوری دنیا میں براہِ راست دیکھی اور سنی گئی۔

٭…08؍ اپریل بروز سوموار:حضورِ انورایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے آج اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی نئی تعمیرات کا معائنہ فرمانے اور ہدایات عطا فرمانے کی غرض سے سفر اختیار فرمایا۔ حضورِ انور نے ظہر اور عصر کی نمازیں اسلام آباد میں پڑھائیں جس کے بعد لندن واپسی ہوئی۔

٭…آج شام کی ملاقاتوں کے دوران حضورِ انو رایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ شائستہ شمیم قریشی بنت مکرم پروفیسر مسرّت شمیم قریشی صاحب (مرحوم آف کراچی)کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم نیّر احمد علی صاحب ابن مکرم میاں صفدر علی صاحب (آف لوٹن ) کے ساتھ طے پائی ہے۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے چار روز دفتری جبکہ پانچ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، مربیانِ سلسلہ اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔

اس عرصہ کے دوران97؍ فیملیز اور36؍ احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لیے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق10؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ، کینیڈا، جرمنی، بیلجیم، فرانس، پاکستان، بلغاریہ، یوکے اور بعض عرب ممالک شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button