جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ گھانا کے 87 ویں جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

مغربی افریقہ کے پر امن اور رواداری کی فضا والے ملک گھانا کا پورا نام جمہوریہ گھانا ہے۔ مملکت کا ماٹو Freedom and Justice ہے جس کی جھلک حقیقی طورپر بھی مملکت کے معاملات میں واضح طورپر نظر آتی ہے۔ مذہبی رواداری اور برداشت کے ایسے مناظر دنیا میں کم نظر آتے ہیں جو یہاں کی روایات کا حصہ ہیں۔

ملک کے وسطی ریجن میں واقع مشہور و معروف شہر Winneba کی آبادی لگ بھگ ساٹھ ہزار نفوس پر مشتمل ہے لیکن سال میں تین دنوں کے لیے اس شہرکے قریب ایک اور شہر ‘‘باغ احمد’’ میں آباد ہو جاتا ہے۔جلسہ سالانہ گھانا میں شمولیت کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے لوگ جوق در جوق یہاں آتے ہیں اور دن رات اس شہر کی فضا میں نعرہ ہائے تکبیر اور آنحضرتﷺ پر بھیجا جانے والا درود گونجتا رہتا ہے۔نماز تہجد سے آغاز ہونے والے پروگرام رات دیر گئے تک وقفہ وقفہ سے جاری رہتے ہیں اور شاملین پورے شوق سے ان تمام پروگراموں کو سنتے اور استفادہ کرتے ہیں۔

‘‘باغ احمد ’’460 ایکڑ پر مشتمل ایک خوبصورت قطعۂ اراضی ہے جہاں جماعت احمدیہ گھاناکا سالانہ جلسہ منعقد ہوتا ہے۔جماعت احمدیہ گھانا کایہ87واں جلسہ سالانہ تھا جو4تا 6 جنوری 2019ء باغ احمد میں منعقدہوا جس میں ملک بھر سے38,079 احمدی احباب و خواتین نے شرکت کی۔ الحمدللہ ثم الحمد للہ۔

جلسہ سالانہ گھانا 2019ء کا ایک دلنشین اور خوبصورت منظر

4جنوری 2019ء بروز جمعۃ المبارک

جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغازنماز تہجد سے ہوا۔ اس کے بعد ‘‘ازدواجی تعلقات میں خلوص اور محبت کی اہمیت’’کے عنوان پر درس ہوا۔

جمعہ کے روز باہمی اخوت اور اظہار یکجہتی کے طور پربیشتر احباب وخواتین نے سفید رنگ کے لباس پہنے ہوئے تھے جو ایک خوبصورت روحانی منظر پیش کررہے تھے ۔

نماز فجر کے بعد مکرم مولانا محمد بن صالح صاحب امیرو مشنری انچارج گھانا نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ دور دراز علاقوں سے سفر کرکے اس جلسہ میں شمولیت کے لیے تشریف لائے ہیں اور جلسہ سالانہ کے انتظامات، پروگرام اور جماعتی روایات کے حوالے سے بعض اہم نصائح کیں۔

افتتاحی اجلاس

4جنوری 2019ء بروز جمعۃ المبارک جلسہ کا پہلا دن تھا۔ جلسہ کا باقاعدہ اجلاس صبح سوا دس بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ مکرم حافظ عثمان Yeboah صاحب متعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانانےسورۃ الحجرات کی آیات 10تا14کی تلاوت مع ترجمہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔

اس کے بعد مدرسۃ الحفظ گھانا کے طلباء پر مشتمل ایک گروپ نے ‘‘خلافت کے امیں ہم ہیں’’ انتہائی پرسوز اور مترنم آواز میں پڑھا اور انگریزی ترجمہ پیش کیا۔

افتتاحی اجلاس ایک خاص اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اس میںسب سے اوّل سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کاجماعت احمدیہ گھانا کے نام بابرکت اور نصائح سے پُر محبت بھرا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔حضور کے اس پیغام کے ساتھ ہی مکرم امیر صاحب نے جلسہ کا افتتاح کیا۔ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کے انگریزی پیغام کا اردومفہوم درج ذیل ہے۔

خصوصی پیغام
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آپ اپنا 87 واں جلسہ سالانہ 4تا6 جنوری 2019ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے آپ کے جلسہ کوکامیاب و بابرکت فرمائے، شاملین جلسہ اس منفرد مذہبی اجتماع سے بے انتہا روحانی فوائدحاصل کرنے والے ہوں اوراحباب جماعت مسلسل نیکیوں اور تقویٰ میں ترقی کرتے چلے جائیں۔

اللہ کے فضل سے جماعت احمدیہ گھانا دن بدن ترقی کر رہی ہے اور کئی لحاظ سے منظم ہوچکی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو نیکی اور فدائیت میں بڑھائے۔

یہ بات ہمیشہ ذہن نشین رکھیں کہ جماعت احمدیہ مسلمہ کی بنیاد اس اصول پر پڑی ہے کہ امتِ واحدہ کا قیام عمل میں آئے۔ حضرت مسیح موعودؑ نے یہ واضح فرما یا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام انسان چاہے وہ کسی بھی ملک، علاقہ یا قبیلہ سے تعلق رکھتے ہوںسب اللہ کی مخلوق ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی سورۃ الحجرات آیت 14میں فرما یا ہے کہ یٰٓاَیُّہَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنٰکُمْ مِّنْ ذَکَرٍ وَّ اُنْثٰی وَ جَعَلْنٰکُمْ شُعُوْبًا وَّ قَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوْا۔ اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰکُمْ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ۔‘‘اے لوگو! یقیناً ہم نے تمہیں نر اور مادہ سے پیدا کیا اور تمہیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کیا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔ بلا شبہ اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔یقیناً اللہ دائمی علم رکھنے والا (اور) ہمیشہ باخبر ہے۔’’

مختلف لوگ اور قبائل اس لیے پیدا کیے گئے تاکہ ہم ایک دوسرے کو پہچان سکیںاور ان لوگوں کو پرکھ سکیں جو سچا تقویٰ یعنی پاکیزگی حاصل کرنے والے ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے فرمایا ہے :

اللہ تعالیٰ کے نزدیک مکرّم وہی ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔ پس ذاتوں پر ناز اور گھمنڈ نہ کرو کہ یہ نیکی کے لیے روک کا باعث ہو جاتا ہے۔ ہاں ضروری یہ ہے کہ نیکی اور تقویٰ میں ترقی کرو۔ خدا تعالیٰ کے فضل اور برکات اِسی راہ سے آتے ہیں۔

(الحکم جلد 8شمارہ 39مورخہ 24؍ستمبر 1904ء صفحہ 4)

سیّدنا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے یہ بھی فرمایا ہے:

‘‘مکرّم و معظّم کوئی دنیاوی اصولوں سے نہیں ہو سکتا۔ خدا کے نزدیک بڑا وہ ہے جو متقی ہے اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰکُمْ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ۔یہ جو مختلف ذاتیں ہیں یہ کوئی وجہِ شرافت نہیں۔ خدا تعالیٰ نے محض عُرف کے لیے یہ ذاتیں بنائیں اور آجکل تو صرف بعد چار پُشتوں کے حقیقی پتہ لگانا ہی مشکلہے۔ متقی کی شان نہیں کہ ذاتوں کے جھگڑے میں پڑے۔ جب اللہ تعالیٰ نے فیصلہ کر دیا کہ میرے نزدیک ذات کوئی سَند نہیں حقیقی مکرّمت اور عظمت کا باعث فقط تقویٰ ہے۔

(رپورٹ جلسہ سالانہ 1987ء صفحہ 50)

اگر ہمارے نظریے ملکوں، قبیلوں اور برّ اعظموں سے بالا ہوں گے تبھی ہم ایک متحد قوم بن سکتے ہیں۔اور اللہ تعالیٰ ہمیںمتحدجماعت کے قیام کے ایسے نظارے دکھا رہا ہے۔ہم ایک جماعت ہوکر ترقی کر رہے ہیں۔ اور اس کے نظارے مختلف ممالک میں دیکھ رہے ہیں بلکہ گھانا میں بھی جامعہ احمدیہ میں مختلف ممالک اور قوموں سے تعلق رکھنے والے طلباء ایک جگہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اسی طرح آپ کے جلسہ میں شاملین جلسہ بھی گھانا کے مختلف قبائل اور ریجنز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس موقع پر اکٹھے ہوئے ہیں۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ حقیقی اسلام کا پیغام جو امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی ہے، وہ زمین کے کناروں تک پہنچائیں، پوری دنیا کو اسلام کی خوبصورت تعلیمات سے روشن کریں اور پھر تمام انسانوں کو آنحضورﷺ کے جھنڈے تلے اکٹھا کریں۔یہ ہماری اصل ذمہ داری ہے جس کے لیے آپ سب تقویٰ کی راہوں پر چلیں اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جیتنے کی کوشش کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کو یہ کرنے کی توفیق دے۔ اللہ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔

… … … … … …

مکرم امیر صاحب نے حضور کے پیغام کے بعد افتتاحی دعا کروائی جس کے بعد مکرم الحاج عباس ولسن صاحب جنرل سیکرٹری گھانانے حضور کے پیغام کا لوکل زبان میں ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعدوولٹا زون کے ممبران نے مقامی زبان میںترانہ پیش کیا۔

افتتاحی خطاب کے بعد جلسہ سالانہ کی پہلی تقریر مکرم عبد الصمد عیسیٰ صاحب نیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت نے ‘‘آنحضورﷺ ،امن کے علمبردار’’ کے موضوع پر کی۔

جمعۃ المبارک کی ادائیگی اور خطبہ جمعہ حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ

اس اجلاس کے معا ً بعد جلسہ گاہ میں جمعہ کی ادائیگی اور حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست دیکھنے اور سننے کے لیے تیاری شروع کردی گئی۔

مکرم امیر صاحب گھانا نے 12:30بجے خطبہ دیا۔آپ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی صداقت پر بات کی اور احمدیوں کو اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

نماز جمعہ و نماز عصر کی ادائیگی کے معاً بعد تما م حاضرین جلسہ سالانہ نے ایم ٹی اے افریقہ کے ذریعہ براہ راست حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سنا اور دیکھا ۔

میٹنگ مرکزی مبلغین کرام گھانا

جمعہ کے روز شام پانچ بجے مکرم امیر صاحب نے گھانا میں متعین تمام مبلغین کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں مکرم امیر صاحب نے مبلغین کرام سے جلسہ سالانہ کےبعد نو مبائعین کے لیے تبلیغی و تربیتی پروگرام کے بارہ میں تفصیلی تبادلۂ خیالات کیا اور بعض اہم امور کی طرف توجہ دلائی۔

شبینہ اجلاس بروز جمعۃ المبارک

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعدشبینہ اجلاس میںمکرم مولوی بلال احمدقمر صاحب زونل مبلغ Greater Accraنے ‘‘حضرت اماں جان عورتوں کے لیے نمونہ ’’پر درس دیا جس میں انہوں نے حضرت اماں جان کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

5 جنوری 2019ء بروز ہفتہ

5جنوری بروز ہفتہ جلسہ کادوسرا دن تھا ۔دن کا آغاز حسب روایت نماز تہجد اور نماز فجر سے کیا گیا۔اس کے بعد ‘‘تلاوت قرآن کریم کی برکات ’’ کے عنوان پر درس ہوا جس میں قرآن کریم ، احادیث نبویہ ﷺاور ارشادات حضرت مسیح موعووؑ اور خلفاء کی روشنی میںقرآن کریم کی تلاوت کی افادیت اور اس کے نتیجہ میں ملنے والی برکات پر روشنی ڈالی گئی۔

گھانا کے نائب صدر مملکت جنابMahamudu Bawumiaصاحب تقریر کرتے ہوئے

دوسر ا اجلاس ۔بروز ہفتہ

صبح سوا دس بجے گھانا کے نائب صدر مملکت جنابMahamudu Bawumia تشریف لائے۔ مکرم امیر صاحب گھانا نےچند ممبران مجلس عاملہ اور بزرگان جماعت کے ہمراہ جلسہ گاہ کے داخلی گیٹ پر نائب صدر مملکت اور ان کے ہمراہ تشریف لانے والے وفد کا استقبال کیا۔ جناب نائب صدر مملکت کی تشریف آوری پر ممبران مجلس خدام الاحمدیہ نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ گارڈ آف آنر کے بعد لوائے احمدیت لہرانے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت اور جناب نائب صدر مملکت نے گھانا کا جھنڈا لہرایا۔
جناب نائب صدر مملکت گھانا کے علاوہ بڑی تعداد میںاہم حکومتی ،مذہبی، سماجی اور رفاہی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہوئیں۔

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کے صبح کے اجلاس کی کارروائی کا آغازساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔مکرم عمر فاروق صاحب نے سورہ نحل کی آیات 91 تا 94 کی تلاوت کی اور ان کا ترجمہ پیش کیا۔ حضرت مسیح موعودؑ کا آنحضورﷺ کی شان میں لکھا جانے والا عربی قصیدہ ‘‘یاعین فیض اللّٰہ والعرفان’’مکرم سعید فضل اللہ صاحب نے ترنم سے پڑھنے کے بعد انگریزی ترجمہ پیش کیا۔اس کے بعد چندممبران نے لوکل زبان میں حمدیہ نغمات پڑھے اور حاضرین جلسہ سالانہ نے بھی ان نغمات کو ان کے ساتھ دہرایا۔

اس کے بعدامیر صاحب نے استقبالیہ تقریر کی۔آپ نے جلسہ میں نائب صدر مملکت (مہمان خصوصی) الحاج عثمان نوح شربتو صاحب نیشنل چیف امام اوردیگر تمام اہم شخصیات کا تشریف لانے پراحباب جماعت کی طرف سے دلی شکریہ ادا کیااور قرآن کریم کی آیات ، احادیث نبویہ ﷺ اور حضرت مسیح موعود ؑ کے ارشادات کی روشنی میں بیان کیا کہ اسلام ایک پُر امن مذہب ہے اور کسی صورت میں تشدد کی اجازت نہیں دیتا۔آپ نے پوری دنیا میں اور خاص طور گھانا میں ہونے والے حالیہ پُر تشدد واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ گھانا میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر سطح پر کوشش ہونی چاہیے۔

بعد ازاں الحاج عثمان نوح شربتو صاحب نیشنل چیف امام نے تقریر کی اور کہا کہ انہوں نے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے بہت منظم دیکھا ہے اور یہی نظم و ضبط اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ مسلمانوں میں قائم ہو۔اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو بھائی بھائی بنایا ہے۔مسلمان ایک جسم کی طرح ہیں۔اللہ تعالیٰ گھانا میں امن قائم رکھے۔

اس کے بعد کماسی زون کے ممبران کے لوکل زبان میں حمدیہ نغمات پیش کیےجانے کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا اور انہیں سٹیج پر کچھ کہنے کے لیے دعوت دی گئی۔

اس پرسنٹرل ریجن کے روایتی چیفس کے پریذیڈنٹ، کماسی کے پولیس کمشنر،جنرل سیکرٹریChristian Council of Ghana، فلسطین کے سفیر،کیتھولک چرچ کے نمائندہ، Executive Director National Population Council ،Nasfordیونیورسٹی اکراؔ کی پریذیڈنٹ،نیشنل بلڈ بنک گھانا کی ایک ڈاکٹر ،سیکرٹری آف نیشنل پیس کونسل اور سنٹرل ریجن کے چیفس کے صدر نے تقاریر کیں۔ سب نے جماعت احمدیہ کے کاموں کو سراہا ۔ خاص طور پر امن کو فروغ دینے کے حوالہ سے جماعت احمدیہ کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔

اس کے بعد جامعۃ المبشرین کے طلباء نے حمدیہ ترانے پیش کیے۔

بعد ازاں نائب صدر مملکت گھاناجناب محمود Bawumia صاحب نے تقریر کی ۔ آپ نے جماعت احمدیہ گھانا کے87ویں جلسہ سالانہ کے انعقادکی مبارک باد دینے کے بعد اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہر حکومت امن پسند معاشرہ چاہتی ہے۔ جماعت احمدیہ مسلمہ ہمیشہ ہی امن کی بات اور امن قائم کرنے کے لیے کوشش کرتی ہے۔ گھانا میں اکتوبر 2018 ء میںاحمدیہ امن کانفرنس کے انعقاد پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ زمین میں فساد نہ پھیلاؤ۔ ہمیں برداشت پیدا کرنی ہے تاکہ مسلمان اور مسیحی امن سے رہیں۔گھانا دنیا کے پُرامن ممالک میں سے ایک ملک ہے۔حکومت انصاف (Fairness)، دیانتداری (Honesty) اور محنت سے کام کرنے (Hard Work)پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لیے کوشش بھی کر رہے ہیں۔

آپ نے محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کا ذکر کیا اور انسانیت کی خدمت پر زور دیا۔نیز کہا کہ یہ ہمیں نہ صرف اجتماعی بلکہ انفرادی طور پر بھی اپنانا ہے۔

اس کے ساتھ ہی جلسہ کے اس سیشن کا اختتام پونے دو بجےہوا۔

اللہ کے فضل و کرم سے جلسہ کایہ اجلاس انتہائی کامیاب رہا۔ ا س میںنائب صدر مملکت گھاناکی شمولیت کے علاوہ ایک بڑی تعداد معزز مہمانان کرام کی تھی جس میں3 وزرائے مملکت، 6ممبران پارلیمنٹ،فلسطینی ہائی کمشنر ،ڈسٹرکٹ چیف ایگزیکٹیوز، سنٹرل اور نارتھ ایسٹ ریجن کے ٹریڈیشنل چیفس نیز ایسٹرن اور سنٹرل ریجن سے ٹریڈیشنل چیفس اور مختلف مذہبی، سیاسی اور رفاہی تنظیموں کے نمائندگان، 10 سے زائدریڈیو ، ٹی وی اور اخبارات کے نمائندگان شامل ہوئے۔

تیسرا اجلاس

اس اجلاس کی کارروائی کا آغازشام 5بجے مکرم الحاج وہاب عیسیٰ صاحب نائب امیر دوم و افسر جلسہ سالانہ کی صدارت میں ہوا۔ مکرم فوفانا عبدالولی صاحب طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے سورۃ النور کی آیات 36تا41کی تلاوت کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم ابراہیم لقمان صاحب طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانانے پیش کیا۔مکرم طاہر رمضان صاحب طالبعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے اردو کلام ترنم سے پڑھا۔

اس کے بعد مکرم مولوی شاہد محمود صاحب زونل مبلغ بیدوم نے ‘‘خلافت جماعت احمدیہ ، امن اور حفاظت کا ذریعہ’’کے موضوع پر تقریر کی۔

اس کے بعد سینٹرل ریجن زونز کے احباب نے لوکل زبان میں ترانہ پیش کیا۔

جس کے بعد مکرم مولوی عبد الحکیم صاحب نے ‘‘اس دور میں سوشل میڈیا ایک چیلنج’’پرتقریر کی جس میں آپ نے سوشل میڈیا کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی طرف توجہ دلائی۔ اس اجلاس کے آخر پر مکرم صدر اجلاس نے بھی حاضرین خصوصاََ والدین کو ان کے فرائض کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بچوں کی اچھی تربیت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ یہ اجلاس شام چھ بجکر پچاس منٹ پر ختم ہوا۔

6جنوری 2018ء بروز اتوار

دن کاآغازحسب روایت نماز تہجدسے ہوا۔بعد از نماز تہجد ‘‘دعاؤں کی افادیت’’کے بارے میں درس دیا گیا۔

اختتامی اجلاس

جلسہ سالانہ کے تیسرے دن اختتامی اجلاس کا آغاز دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہواجو مکرم اسماعیل سلطان احمد صاحب طالبعلم مدرسۃ الحفظ گھانا نے کی۔آ پ نے سورۃ البقرۃ کی آیات 256 تا258 کی تلاوت مع انگریزی ترجمہ پیش کی جس کے بعد مکرم ولید احمد صاحب طالبعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام ‘‘اے سونے والو جاگو کہ وقت بہار ہے’’ترنّم کے ساتھ پیش کیا ۔
اس کے بعد مکرم ڈاکٹر کلیم ابراہیم صاحب نے ‘‘حضرت مسیح موعوؑدکےارشادات کی روشنی میںاسلام میں تعدد ازدواج’’پر تقریر کی۔

اس کے بعد برانگ اہافو زون کے احباب نے لوکل زبان میں ترانہ پیش کیا۔

تعلیمی اسناد کی تقسیم

امسال کالجز اور یونیورسٹیز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے28 طلباء و طالبات کومکرم امیر صاحب نے تعلیمی اسناد دیں۔

مختلف ممالک کے امرائےکرام کا خطاب

تقسیم اسناد کے بعد مختلف ممالک کے درج ذیل امرائے کرام نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ مکرم مولانا طارق احمدظفر صاحب امیرو مبلغ انچارج جماعت کینیا، مکرم مولانا محمد کائرے صاحب امیرو مبلغ انچارج جماعت احمدیہ یوگنڈا، مکرم مولانا ابراہیم بن یعقوب صاحب امیر جماعت Trinidad & Tobago۔

پہلی تصویر :مکرم امیر صاحب گھانا نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے۔ دوسری تصویر: نمائش کا ایک منظر

بعدازاں مختلف ممالک سے تشریف لانے والے احباب کو اسٹیج پر دعوت دی گئی۔ان ممالاک میںیو ایس اے، اٹلی، کینیڈا ،لیبیا،مصر، زمبابوے، سیرالیون اور نائیجریاشامل ہیں۔ تشریف لانے والے تمام مہمانان نے گھانا جماعت کو کامیاب جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور مہمان نوازی اور محبت پر احباب جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ کینیڈا سے آئے ہوئے مہمانان نے مکرم امیر صاحب کینیڈا کی طرف سے محبت بھرا پیغام پڑھ کر سنایا۔

مکرم امیر صاحب نے ناردرن ریجن سے تشریف لانے والے روایتی چیفس کو جماعت احمدیہ گھانا کا نئے سال کاکیلنڈر پیش کیا۔اس کے بعدناردرن ریجن زونز کے گروپ نے لوکل زبان میں نغمات پیش کیے ۔

اختتامی خطاب

اس کے بعد مکرم امیر صاحب گھانا نےاختتامی تقریر کی۔ آپ نےجلسہ کی حاضری کا ذکر کیا جو38079 رہی ۔ اس کے بعد Blood Donorsکی تعداد کا اعلان کیا جواللہ کے فضل سے امسال کل 2087 رہی ۔ الحمد للہ

مکرم امیر صاحب نے بیرون ممالک سے تشریف لانے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ 2008ء کے بعد اس مرتبہ بیرون ممالک سے زیادہ مہمانان تشریف لائے ہیں جن کی تعداد 78رہی۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے نارتھ سے تعلق رکھنے والے ایک نومبائع کو سٹیج پر تشریف لانے کی دعوت دی اور ان کا تعارف کروایا ۔انہوں نے جلسہ کا ماحول دیکھ کر بیعت کی۔

مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں احباب جماعت کو تبلیغ کے میدان میں ترقی اور کوشش کرنے کی تلقین کی اور اس سلسلہ میںقربانیاں کرنے اور خصوصاََ گھانا کے شمالی علاقہ میں جہاں مسلمانوں کی تعداد بھی زیادہ ہےمساجد اور مشن ہاؤسزو سکولز بنانے پر زور دیا ۔

اس کے علاوہ مکرم امیر صاحب نے والدین سے اپنے بچوں کو وقف کرنے اور جامعات میں داخل کروانے کی کوشش کی تحریک کی تاکہ مستقبل میں جماعت گھانا اور نومبائعین کی تعلیم و تربیت مزید بہتر اور منظم انداز میں کی جاسکے۔

مکرم امیر صاحب نے کہا کہ گزشتہ سال جلسہ سالانہ کے بعد اب تک جو بھی ہمارے احمدی بہن بھائی وفات پاچکے ہیں ان کے لیے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان سب کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔سیّدنا حضرت مسیح موعود ؑ نے شاملین جلسہ کے لیے جو دعائیں کی ہیں اللہ وہ سب آپ کے حق میں قبول فرمائے اور آپ سب کو خیر و عافیت سے اپنے گھروں میںواپس لے جائے۔

مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد تمام جلسہ گاہ فلک شگاف نعروں اور کلمہ طیّبہ کے بابرکت ورد سے گونج اٹھی۔جلسہ سالانہ کا اختتامی اجلاس3:45 بجے مکمل ہواجس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں ۔

اخبارات و ٹی وی پر جلسہ سالانہ کی کوریج

گھانا کے بڑے اخبارات یعنیDaily Graphic, Ghana Timesاور Daily Guide نے تصاویر کے ساتھ جلسہ سالانہ کی خبریں جلی حروف میں لگائیں۔

ان اخبارات نے نائب صدر مملکت گھانا اور مکرم امیر صاحب کے خطابات میں سے اہم پیغامات کا ذکر کیا اور خاص طور پر سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ کااحباب جماعت گھانا کے نام جلسہ کے موقع پر خصوصی پیغام کا ذکر کرتے ہوئے اس کا خلاصہ درج کیا۔

امسال جلسہ سالانہ گھانا کوایم ٹی اے کی ویب سائٹ mta.tvپرلائیوstreamکیاگیا۔اورTwitter اکائونٹ پر تینوں دن جلسہ سالانہ کی تصاویر اور مختلف پیغامات دیے جاتے رہے ۔اسی طرح خدام الاحمدیہ گھانا نے اپنےFacebook اکائونٹ اور youtube پر جلسہ سالانہ گھانا کے تمام اجلاسات کی کارروائی کیLive Stream دی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کر سکیں ۔

نمائش اور بک اسٹال

امسال بھی جلسہ گاہ کے بالکل سامنے جماعتی نمائش اوربک اسٹال کا انتظام کیا گیا تھا جس میں جماعت احمدیہ عالمگیر اور بالخصوص جماعت احمدیہ گھانا کی تاریخی تصاویر، خلفائےکرام کے دورہ جات کی تصاویر، قرآن کریم کے مختلف تراجم، جماعتی لٹریچر، ریویوآف ریلیجنزکے بارے میں معلوماتی سلائیڈز، ایم ٹی اے افریقہ کے بارے میں ڈاکومینٹری وغیرہ شامل تھی۔

درج ذیل شعبہ جات نے بھی اپنا اپنا سٹال لگایا:وصیّت اور AIMS، وقف نو گھانا،Humanity First۔
اس کے علاوہ جلسہ سالانہ کو کامیاب بنانے کے لیے دورانِ جلسہ شعبہ کھانا پکوائی، شعبہ تربیت، شعبہ طبی امداد ،شعبہ رہائش وغیرہ ساتھ ساتھ کام کرتے رہے۔ نیشنل ہیلتھ انشورنس نے بھی اپنا سٹال لگا یاتھا۔ امسال خون کے عطیات دینے کا بھی خاص اہتمام کی گیا تھا ۔ اللہ کے فضل سے کل 2087 خون کی بوتلوں کا عطیہ دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ گھانا کے اس جلسہ سالانہ کو بہت مبارک فرمائے اور پہلے سے بڑھ کر احمدیت یعنی حقیقی اسلام کو ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔آمین۔

(رپورٹ:حافظ خلیق بشیر۔استاد مدرسۃ الحفظ گھانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button