یورپ (رپورٹس)

سالِ نَو کے آغاز پر لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیس (Vilnius) کے مرکزی حصہ میں وقارِ عمل

(احمد فراز۔ مبلغ سلسلہ لتھوانیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیّہ لتھوانیاکو امسال بھی سالِ نَو کے آغاز پر لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیس(Vilnius) کے مرکزی حصہ میں وقارِ عمل کرنے کی توفیق ملی۔

یکم جنوری 2018ء کوسالِ نَو کی آمد کی تقریبات کے بعد جماعت احمدیہ لتھوانیا کومُلک کے دارالحکومت ولنیس(Vilnius) کے مرکزی حصہ (The Cathedral Square جو کہ شہر کا سنٹر ہے اور اکثر بڑی تقریبات اس کے سامنے منعقد ہوتی ہیں) میں وقارِعمل کرنے کی توفیق ملی۔شہر کی انتظامیہ سے اس وقارِعمل کی اجازت پہلے ہی لی جا چکی تھی۔نئے سال کے موقع پر لتھوانیا میں کیا جانے والا یہ دوسرا وقارِ عمل تھا۔

اِس مرتبہ شہر کے مرکزی حصّہ کی صفائی پر مامور کمپنی ( UAB VSA) کی انچارج محترمہ اِندرے صاحبہ (Miss Indrė) نے وقارعمل سے قبل ہی ہم سے رابطہ کرکے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چنانچہ وہ جماعت کے دفتر میں تشریف لائیں اوراُن کو جماعت کا تعارف کروایا گیا۔ وہ جماعت کی خدمات سے بہت متاثر ہوئیں۔ اُن کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی کتاب "World Crisis and the Pathway to Peace”کا رشین ترجمہ تحفۃً پیش کیا گیا۔ اُنہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اُن کے لئے سالِ نو کی تقریبات کے بعد سِٹی سنٹر میں صفائی کا یہ پہلا تجربہ ہے اور جماعت احمدیہ چونکہ پچھلے سال بھی وقارِعمل کر چکی ہے لہٰذا آپ ہی ہماری راہنمائی بھی کریں اور ہم آپ کے تجربہ سے فائدہ حاصل کریں۔

وقارِ عمل سے قبل ہی رہائش اور دیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے تھے۔وقارِ عمل کے دوران تصاویر بھی بنائی گئیں جو کہ بعد میں وقارِ عمل کی رپورٹ اور جماعت کے مختصر تعارف کے ساتھ مقامی اخبارات کو بھجوائی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے متعددآن لائن اخباروں نے اس رپورٹ کو تصاویر کے ساتھ شائع کیا۔جن میں سے چند کےنام درجِ ذیل

https://lietuvosdiena.lrytas.lt

www.15min.lt

www.lrt.lt

www.diena.lt

http://kauno.diena.lt

وقارعمل سے قبل نیشنل ریڈیو چینل LRT Radijas نے خاکسارکا انٹرویو بھی کیا جس میں جماعت کا تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ وقارعمل کی اہمیت اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالنے کی توفیق ملی اور لوکل افراد کو وقارِ عمل میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی۔ یہ انٹرویو دو تین بار نشر ہوا۔ نیز جماعت احمدیہ لتھوانیا کے فیس بُک (www.facebook.com/AhmadijaLT) پر بھی اس وقارعمل کی تشہیر کی گئی اور مقامی احباب کووقارِعمل میں شامل ہونے کی دعوت عام دی گئی۔وقار ِ عمل کے بعد ایک ٹی وی چینل (LNK TV)نے بھی خاکسار کا انٹرویو لیا اور مورخہ 2 دسمبر کو شام 6:30 بجے کی خبروں میں ہمارے وقارِ عمل کی رپورٹ کے ساتھ براڈکاسٹ کیا۔ بعدازاں اس انٹرویو کو جماعت کے فیس بُک پر بھی ڈال دیا گیا اور بُوسٹ کیا گیا اور اِس طرح یہ پیغام فیس بُک کے ذریعہ بھی تقریباً 30 ہزار سے زائد افراد تک پہنچا۔لتھوانیا کی مشہور اخبار „Lietuvos Rytas شمارہ کا نام (Sostinė)کے نمائندوں نے بھی دفتر آکر انٹر ویو لیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے(6 جنوری 2018ء) ہفتہ کے شمارہ میں پہلے صفحہ(صفحہ نمبر 1 اور خبر کا بقیہ حصہ صفحہ نمبر 5 پر) پر تصاویر کے ساتھ ہمارے وقار ِ عمل کی رپورٹ شائع کی۔

لتھوانیا میں صرف پانچ خدّام اور ایک ناصر موجود تھے، لتھوانیا سے شامل احمدی ممبران کے نام یہ ہیں۔1۔ (خاکسار) احمد فراز
2۔ مکرم بشارت احمد شاہد صاحب
3۔ مکرم آصف احمد ناصر صاحب
4۔ مکرم مسروراحمد قمر صاحب
5۔ مکرم سید حزقیل احمد صاحب
6۔ مکرم خاقان احمد صائم صاحب

لتھوانیا سے دو غیر احمدی پاکستانی طلباء مکرم عمیر صاحب اورمکرم دانش صاحب بھی شامل ہوئے۔ ان سب نے بھرپور شمولیّت کی اور بڑی محنت وجانفشانی سے کام کیا۔ نیز اِس سال بھی مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی سے خدّام کا ایک گروپ جرمنی سے وقارِ عمل کے لئے لتھوانیا بھجوانے کی درخواست کی گئی۔چنانچہ سات خدّام پر مشتمل ایک گروپ جرمنی سےتقریباً 17گھنٹہ کی مسافت بذریعہ کار طے کر کے لتھوانیا پہنچااور بڑے جوش اور جذبہ کے ساتھ وقارِ عمل میں حصّہ لیا۔جرمنی سے شامل ہونے والے ممبران کے نام یہ ہیں

1۔ مکرم مبین جاوید صاحب
2۔ مکرم اوصاف اعظم صاحب
3۔ مکرم نفیس عظیم صاحب
4۔ مکرم آمش جاوید صاحب
5۔ مکرم منیب کھوکھر صاحب
6۔ مکرم اویس احمد ملک صاحب
7۔ مکرم سجاد بٹ صاحب

وقارِعمل شروع کرنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ صبح 3بجے کا وقت طے ہوا۔اللہ کے فضل سے سب احباب نے وقت مقررہ سے پہلے ہی اپنا کام شروع کردیا جوکہ تقریباً 5بج کر37منٹ تک جاری رہا۔شہر کی مقامی انتظامیہ کی طرف سے تھیلے اور دستانے مہیا کیے گئے اور ہمارے لئے ایک علاقہ مختص کردیا گیا۔(وقار ِ عمل کی جگہ کا رقبہ یعنی  The Cathedral Square، کی لمبائی تقریباً 200 میٹر، جبکہ چوڑائی بھی تقریباً 200 میٹر ہے۔)

کام کی نوعیت

آتش بازی کے باقیات، مختلف مشروبات کی خالی بوتلیں، بوتلوں کے ڈھکن، تھیلیاں، ریپرز، شیشے کے ٹکڑے اُٹھائے اور بعدازاں وائپر برش سے فر ش کی صفائی کی گئی۔

کُل دورانیہ اڑہائی سے تین گھنٹے

کُل وزن کچرے اور دیگراٹھائی گئی اشیاء کا وزن دو ٹن سے کچھ زائد تھا۔

وقارِ عمل کے بعد تمام احباب نےنمازِ فجر ادا کی اور نماز کی ادائیگی کے بعدناشتہ کیا۔ تمام احباب چونکہ لمبا سفرکرکے یہاں پہنچے تھے اس لئےسب احباب نے ناشتہ کے بعد آرام کیا۔ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد نماز ظہر وعصر باجماعت ادا کی گئیں۔ پھر نماز مغرب وعشاء ادا کرنے کے بعدخاکسار نے جرمنی سے آئے ہوئے احباب اور لتھوانیا سے شامل ہونے والے سب دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم بشارت احمد شاہد صاحب مبلغ سلسلہ نے دعا کروائی ۔ دعا کے بعد ہمارے تمام دوست احباب اپنی اپنی منزل کو روانہ ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جرمنی سے آئے ہوئے احباب بھی طویل مسافت طے کر کےاگلے دن خیریت سے واپس جرمنی پہنچ گئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آئندہ بھی ہمیں ایسے خدمت خلق اور خدمت انسانیت کے کام کرنے کی توفیق دیتا چلاجائے اور اِس کے ذریعہ لوگوں کو اسلام احمدیت کی تعلیم کو سمجھنے اور قبول کرنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button