مختصر عالمی جماعتی خبریں
اس کالم میں الفضل انٹرنیشنل کو موصول ہونے والی جماعت احمدیہ عالمگیر کی تبلیغی و تربیتی مساعی پر مشتمل رپورٹس کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے۔
………………………
فن لینڈ
مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کا پہلا سالانہ اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کو اپنا پہلا نیشنل سالانہ اجتماع 15تا17مئی 2015ء کو فن لینڈ کے دار الحکومت Helsinkiمیں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
افتتاحی اجلاس میں مکرم بشارت الرحمن صاحب صدر خدام الاحمدیہ فن لینڈ نے تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعدافتتاحی خطاب کیا جس میں آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات اور اقتباسات کی روشنی میں خدام الاحمدیہ کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اسی طرح ذاتی و معاشرتی برائیوں کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اقتباسات کی روشنی میں خدام کو ذاتی اصلاح کی طرف توجہ دینے کی تلقین کی۔
اس دو روزہ اجتماع کے دوران مختلف ورزشی و علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں اطفال و خدام نے زوق و شوق سے حصّہ لیا۔
اختتامی اجلاس میں مکرم عطا ء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے اور اختتامی خطاب کیا۔ آپ نے خدام الاحمدیہ فن لینڈ کو پہلے سالانہ اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اور ساتھ ہی خدام کو جماعت میں ان کی کلیدی حیثیت اور ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے کُل حاضری 71رہی جن میں سے 60خدام 8اطفال اور 3انصار شامل تھے۔ الحمدللہ۔ خدام اور اطفال کی تجنید کے مطابق یہ 80فیصد ہے۔
٭…٭…٭
جزائر فجی
جماعت احمدیہ جزائر فجی کی
تیسری نیشنل تربیتی کلاس کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جزائر فجی کو مورخہ 4تا10دسمبر 2015ء تیسری نیشنل تربیتی کلاس بمقام فضلِ عمر صووا منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
امسال فجی کی آٹھ جماعتوں سے 41طلباء و طالبات نے شرکت کی جبکہ گزشتہ سال شاملین کی تعداد 37تھی۔جزیرہ طوالو سے تعلق رکھنے والے ایک نو مبائع نو جوان کو بھی امسال اس تربیتی کلاس میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔
مکرم طارق احمد رشید صاحب مربی سلسلہ جزائر فجی کی رپورٹ کے مطابق کلاس کا آغاز مکرم مولانا محمود احمد صاحب امیر و مشنری انچارج جزائر فجی کی زیرِ صدارت مورخہ 4دسمبر 2015ء بعد نمازِ جمعہ ہوا۔ تلاوتِ قرآنِ کریم اور نظم کے بعد صدرصاحب صووا برانچ خلیل حسین صاحب نے تمام شاملین اور مربیان کا استقبال کیا۔ بعدازاں مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے بچوں کو کلاس کے مقصد بیان کرتے ہوئے نصائح کیں ۔ آپ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد صرف علم کا حصول نہیں بلکہ اپنی تربیت اور اخلاص کے معیار کو بڑھاناہے۔ نیشنل سیکرٹری مال ممتاز علی مقبول صاحب نے دعا کروائی اور یوں کلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
لجنہ اور ناصرات کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اور اُن کی ٹیم کے سپرد تھی۔
اِن ایام میں با جماعت نمازِ تہجد اور درس القرآن کے ساتھ ساتھ طلباء کی تعلیم کے لئے یسرناالقرآن، ناظرہ قرآن، حفظ قرآن، نماز با ترجمہ، دینی معلومات، احادیث اور تاریخِ اسلام احمدیت کی باقاعدہ کلاسز کروائی جاتی رہیں ۔سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ خلفائِ راشدین، حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام اور صحابہؓ کی سیرۃ کو بیان کیا جاتا رہا۔ اور ہستی باری تعالیٰ کے بارہ میں حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ کی کتاب ہمارا خدا کا مطالعہ بھی کروایا گیا۔
صاحبِ علم احباب نے مختلف موضوعات پر لیکچر ز دیئے۔ طلباء کو نمازپڑھانے اور درسِ حدیث دینے کی تربیت بھی دی گئی۔پروگرام کو interactiveبنانے کے لئے پیارے آقا کی بچوں کے ساتھ تربیتی کلاس اور خطبہ جمعہ کی ویڈیو ز دکھائی گئیں اور مجالس سوال جواب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ صحت اور تفریح کا خیال رکھتے ہوئے باقاعدہ کھیل کا انتظام بھی رہا۔
تربیتی کلاس کے اختتام پر تمام طلبا و طالبات نے بڑی محبت سے اپنے پیارے امام کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے اور آخر پر تحریری امتحان بھی دیا۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کلاس میں پانچ بچوں نے یسرناالقرآن مکمل کر کے قرآنِ کریم پڑھنا شروع کر دیا ہے۔
مورخہ 10 دسمبر 2015ء کو کلاس کے اختتام پر طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ نیشنل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر ایم علی بریبو صاحب نے کلاس کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم مولانا محمود احمد صاحب امیر و مشنری انچارج جزائر فجی نے شامل ہونے والے بچوں اور بچیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ اپنے حلقہ جات میں عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے عبادات اور مسجدوں کی آبادی اور قرآنِ کریم کی تلاوت کو باقاعدگی سے بجا لائیں ۔ دعا کے بعد کلاس اپنے اختتامی کو پہنچی۔
٭…٭…٭
یوکے
PAAMAلندن ریجن کے زیر اہتمام تربیت اور صنعت و تجارت ورکشاپ
اللہ تعالیٰ کے فضل سےPan-African Ahmadiyya Muslim Associationلندن ریجن کو 27دسمبر2015ء بروز اتوار Peckham کے نماز سینٹر میں تربیت اور صنعت و تجارت ورکشاپ کے عنوان سے پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
مکرم Sadique Quanshصاحب صدر لندن ریجن کی محررہ رپورٹ کے مطابق پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نیشنل سیکرٹری تربیت مکرم Nisar Orchardصاحب نے ایک Presentation پیش کی جس میں متعدد تربیتی امور کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح یہ امور تقویٰ کے حصول کے لئے ہماری زندگیوں میں ممد و معاون ثابت ہو سکتی ہیں اور تقویٰ ہی ہماری بقا کے لئے ضروری ہے۔
پروگرام کے مطابق دوسری presentation شعبہ صنعت و تجارت برطانیہ کی طرف سے مکرم احمد سلام صاحب نے پیش کی۔شعبہ کا تعارف کرواتے ہوئے مختصراً اس کی اغراض و مقاصد بیان کیں اور بتایا کہ اس شعبہ کا مقصد افراد جماعت میں ہنر،دستکاری اور تجارت کے امور سکھانا اور ان امور کی طرف متوجہ کرنا ہے۔
اس کے بعد شاملین کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ان گروپس میں کسی نئے بزنس سے متعلق اپنے اپنے خیالات پر بات چیت کرنااوراس کو کامیاب بنانے کی نئی راہیں تلاش کرنا مقصود تھا۔بعد ازاں ہر ٹیم کے گروپ لیڈر نے اپنے اپنے گروپ کی رپورٹ پیش کی۔
اس کے بعداختتامی خطاب PAAMAکے نیشنل صدر مکرم Tommy Kallonصاحب نے کیا۔
مولانا یوسف یاسین صاحب نائب امیر جماعت گھانا بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ آپ نے پروگرام کے آخر پر اختتامی دعا کروائی۔
اس پروگرام کی کُل حاضری91رہی جن میں سے مرد حضرات 47تھے اور 44خواتین۔ ٭…٭…٭




